پٹنہ: بہار انتخابات 2025 کے لیے پہلے مرحلے کی ووٹنگ جاری ہے۔ تیجسوی یادو اپنے پورے خاندان کے ساتھ ووٹ ڈالنے پہنچے۔ لالو پرساد یادو، رابڑی دیوی، روہنی اچاریہ، میسا بھارتی، اور تیجسوی یادو کی اہلیہ راج شری نے پٹنہ ویٹرنری کالج پہنچ کر اپنا ووٹ ڈالا۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے تیجسوی یادو نے کہا کہ 14 تاریخ کو نئی سرکار آ رہی ہے۔
تبدیلی، ترقی اور نوکری کے لیے ووٹ ڈالیں: تیجسوی
آر جے ڈی لیڈر اور عظیم اتحاد کی طرف سے وزیر اعلی عہدے کے امیدوار تیجسوی یادو نے ووٹ ڈالنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ “میں بہار کے لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنے حال اور مستقبل کو ذہن میں رکھتے ہوئے بڑی تعداد میں ووٹ ڈالیں۔ روزگار، تعلیم، اچھی صحت کی دیکھ بھال کے لیے ووٹ دیں…”
“ہر ایک کو اپنے گھروں سے باہر نکلنا چاہئے اور تبدیلی، ترقی، نوکریوں کے لیے ووٹ دینا چاہیے۔” تیجسوی یادو، سی ایم امیدوار، عظیم اتحاد
اس بار بدلاؤ ہوگا، عوام تبدیلی لائیں گے: رابڑی دیوی
اس موقعے پر اپنے خاندان کے ساتھ ووٹ ڈالنے پہنچیں آر جے ڈی لیڈر رابڑی دیوی نے کہا کہ، “میں خواتین، بچوں، اور ہر ایک سے اپیل کرتی ہوں کہ وہ اپنے گھروں سے باہر نکلیں اور ووٹ دیں۔
اس بار تبدیلی آئے گی، عوام تبدیلی لائیں گے۔” رابڑی دیوی نے اسی کے ساتھ اپنے دونوں بیٹوں تیجسوی یادو اور تیج پرتاپ یادو کو بھی جیت کے لیے ‘آشیرواد’ دیا۔
لالو یادو ووٹ ڈالنے کے بعد میڈیا کے سامنے خاموش رہے
آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو اپنے پورے خاندان کے ساتھ بہار اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں ووٹ ڈالنے پہنچے۔ آر جے ڈی لیڈر روہنی آچاریہ اپنے والد کے شانہ بشانہ کھڑی تھیں۔ اس دوران لالو یادو میڈیا سے بات کیے بغیر چلے گئے۔
ایسی سرکار منتخب کریں جو روزگار فراہم کرے: روہنی یادو
ووٹنگ کے موقعے پر روہنی آچاریہ نے کہا کہ “یہ انتخاب ہمارے محنت کش بھائیوں کے لیے ہے جو گاؤں میں روزگار کے لیے جدوجہد کرتے ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ ہمارے لوگ، بہار کے لوگ ایسی حکومت کا انتخاب کریں گے جو روزگار فراہم کرے اور ڈبل انجن والی حکومت کو اکھاڑ پھینکے۔”
رکن پارلیمنٹ میسا بھارتی نے بھی ووٹ ڈالا
آر جے ڈی ایم پی میسا بھارتی بھی سوچ سمجھ کر ووٹ ڈالنے کے لیے اپنے خاندان کے ساتھ پہنچیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ “اپنے مستقبل کے لیے، اپنے بچوں کے مستقبل کے لیے سمجھداری سے ووٹ دیں۔ عظیم اتحاد کی حمایت کریں۔”
واضح رہے کہ تیجسوی یادو اپنی اہلیہ راجشری یادو سمیت اپنے پورے خاندان کے ساتھ پولنگ بوتھ پہنچ کر ووٹ ڈالا۔ یہ پہلی بار ہے کہ انہوں نے بہار میں ووٹر کے طور پر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ انہوں نے اس موقعے پر میڈیا سے بات کرنے سے گریز کیا۔