راما گنڈم (تلنگانہ): راجیو نگر، راماگنڈم میونسپل کارپوریشن کے 19 ویں ڈویژن کے تحت یتن کلیان کالونی کبھی چھوٹے جرائم اور پولیس چھاپوں کے لئے بدنام تھی، لیکن اب یہاں غیر معمولی تبدیلی آئی ہے۔
وہی گلیاں جو کبھی گینگ سرگرمیوں کی کہانیوں کے لیے خوفزدہ ہوتی تھیں اب کامیاب پیشہ ور افراد بشمول سرکاری ملازمین، ڈاکٹروں، اساتذہ، انجینئروں اور پولیس افسران کا ایک مستقل گہوارہ بن گئی ہیں۔
ایک دہائی قبل، یہ علاقہ اپنی ناخواندگی کی بلند شرح اور پولیس کے بار بار چھاپوں اور نگرانی کی وجہ سے بدنام تھا۔ آج، 206 سے زیادہ خاندانوں اور تقریباً 1,100 رہائشیوں پر مشتمل علاقے کو اس حقیقت پر فخر ہے کہ تقریباً ہر گھر میں کم از کم ایک فرد ہے، جو سرکاری محکموں میں کام کرتا ہے۔
تبدیلی کیسے آئی؟ 2007 میں بستی کے رہائشی راجو نائک ریزرو سب انسپکٹر کے طور پر سرکاری ملازمت حاصل کرنے والے علاقے کے پہلے شخص بنے۔
ان کی کامیابی کے بعد جلد ہی ڈاکٹر راج کمار جادھو نے 2015 میں ایم بی بی ایس مکمل کیا اور ڈاکٹر کے طور پر سرکاری ملازمت میں شمولیت اختیار کی۔ دونوں نوجوانوں سے متاثر ہوکر بہت سے دوسرے لوگوں نے بھی ان کی پیروی کرتے ہوئے تعلیم حاصل کی اور سرکاری محکموں میں ملازمت اختیار کرلی، جس کے بعد راجیو نگر کی شناخت میں تبدیلی آنی شروع ہوگئی۔
فی الحال، علاقے میں پانچ ڈاکٹر، تین اساتذہ، دو انجینئر، محکمہ پولیس میں آٹھ اہلکار، ریلوے اور آر ٹی سی میں دو، ایک بینک ملازم، اور سنگارینی کولیریز میں 28 کارکن ہیں۔ وہیں ریٹائرڈ ملازمین کی تعداد 80 سے 100 کے درمیان بتائی جاتی ہے۔
راجکمار جادھو نے بتایا کہ “ہم ایک بہت ہی عام متوسط گھرانے سے آئے ہیں۔ مجھے اب بھی یاد ہے کہ میرے والد بارش میں سائیکل چلاتے ہوئے مجھے ڈاکٹر کے پاس لے جاتے تھے، جب میں شدید بیمار ہوتا تھا۔
اسی وقت میں نے میڈیکل کی تعلیم حاصل کرنے اور ڈاکٹر کے طور پر خدمات انجام دینے کا فیصلہ کیا۔ میں نے 2015-16 میں اپنا ایم بی بی ایس مکمل کیا اور اب محبوب آباد میں سول اسسٹنٹ سرجن کے طور پر کام کررہا ہوں۔ میں نے اپنے علاقے میں نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے پوری کوشش کی ہے۔”
اسی طرح راجو نائک، جو اب ورنگل میں اے سی پی کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں، کہتے ہیں، “بی ٹیک مکمل کرنے کے بعد، مجھے 2007 میں اپنی پہلی کوشش میں آر ایس آئی کے طور پر منتخب کیا گیا، لیکن اس سے پہلے، میں نے ہر طرح کے کام کئے۔
میں نے ایک مزدور کے طور پر کام کیا، یہاں تک کہ کچھ وقت چکن سینٹر میں بھی گزارا کیونکہ یہ زندگی گذارنے کےلئے ضروری تھا۔” نوکری ملنے کے بعد راجو کی زندگی بدل گئی لیکن انہوں نے محنت نہیں چھوڑی۔
راجو نے نے علاقے کے دیگر افراد کو مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاری کرنے کی ترغیب دی۔
بہترین پولیس ایوارڈ حاصل کرنے والے اہلکار نے مزید کہا “آج، بہت سے لوگ پولیس فورس اور دیگر سرکاری خدمات میں شامل ہوئے ہیں اور انہیں کامیاب ہوتے دیکھ کر خوشی ہوتی ہے،” راجیو نگر کی سچی کہانی سے سبق ملتا ہے کہ تعلیم اور مواقع کس طرح پوری کمیونٹی کو تبدیل کرسکتے ہیں۔