تائیپے : تائیوان کے استغاثہ نے سابق اور موجودہ فوجی اہلکاروں سمیت سات افراد پر چینی حکومت کے لیے جاسوسی کا الزام عائد کیا ہے۔ تائیپے ٹائمز اخبار کے مطابق منگل کے روز جاری ہونے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہانگ کانگ کا ایک شخص کاروباری اور سیاحتی ویزے پر بار بار تائیوان گیا اور دو ریٹائرڈ فوجیوں کو بھرتی کیا ،
جنہوں نے جزیرے کی مسلح افواج کے بارے میں خفیہ معلومات حاصل کرنے کے لیے اپنے سابق ساتھیوں کی بھرتی کی۔ رپورٹ کے مطابق، جاسوسی سیل کے ارکان کو ان کی فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر ادائیگی کی گئی، اور مجموعی طور پر 356,000 امریکی ڈالر سے زیادہ کی رقم منتقل کی گئی۔
تائیوان میں 1949 سے چین سے آزادانہ حکومت چل رہی ہے۔
چین اس جزیرے کو اپنا ایک صوبہ سمجھتا ہے، جب کہ تائیوان خود مختار ملک ہے جس کی منتخب حکومت ہے، اگرچہ وہ اپنی آزادی کا اعلان کرنے سے گریز کرتا ہے۔
چین غیر ملکی ریاستوں کے ساتھ تائیوان کے کسی بھی سرکاری رابطے کی مخالفت کرتا ہے اور جزیرے پر چینی خودمختاری کو غیر متنازعہ حق قرار دیتا ہے۔