بے شمار پھلوں میں ایک پھل نارنگی ہے جس میں سردی سے پھیلنے والی بیماریوں سے مقابلہ کرنے کی صلاحیت ہوتی ہے۔ نارنگی پھل عموما نومبر سے مارچ تک ہمیں اپنی لذت اور غذائیت سے لطف اندوز کرتا ہے۔ نارنگی میں بہت سے غذائی اجزا موجود ہوتے ہیں جو سردیوں سے جسم کی حفاظت کرتے ہیں خاص طور پر وٹامن سی کی ایک بہت بڑی مقدار اس میں پائی جاتی ہے۔ حالیہ تحقیق کے مطابق ہی یہ اپنے رنگ کی وجہ سے سرطان کے لیے بھی موثر ثابت ہوا ہے کیوں کہ امریکی سائنس دانوں نے سرخ اور اس سے ملتے جلتے رنگ کے حامل پھلوں اور ترکاریوں پر تحقیقات کرکے یہ انکشاف کیا ہے کہ ان میں نباتاتی سرخ مادہ لائکو پین پایا جاتا ہے۔ تحقیق کے مطابق لائکوپین کے مستقل استعمال سے سینے اور رحم کے سرطان کا خطرہ چالیس فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔ نارنگی کا مستقل استعمال جسم کو گرمی پہنچانے کے علاوہ نظام ہضم کو تقویت بخشنے اور خون صاف کرنے کے ساتھ ساتھ اعصابی نظام کو بھی موثر بناتا ہے
۔ اسی لیے اسے اگر خاص طریقہ کار کے مطابق استعمال کیا جائے تو بہت سے امراض بشمول سرطان میں مفید ثابت ہوتی ہے۔ نارنگی کے رس میں بھوک بڑھانے اور معدے کی تیزابیت کو کم کرنے والے اجزا پائے جاتے ہیں۔