رام پور (نامہ نگار) آل انڈیا مسلم فیڈریشن کا ایک جلسہ ضلع دفتر کوچہ نقالان میں منعقد ہوا۔ جلسہ کی صدارت فیڈریشن کے قومی جنرل سکریٹری بابر خان اور نظامت ضلع ترجمان مسرور میاں اکرم نے کی۔ جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے بابر خان نے کہا کہ ہندوستان ایک جمہوری ملک ہے اور اس میں صحیح بات کہنے کا سب کو حق ہے۔ مسٹر خاں نے الیکشن کمیشن کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اگر اعظم خاں نے فوج میں مسلمانوں کے وطن پر شہید ہونے کی بات کی ہے تو کیا غلط ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان ،پاکستان یا چین کے ساتھ جنگ میں مسلمانوں نے دشمنوں کا مقابلہ کیا۔جبکہ فوج میں مسلمانوں کی تعداد دو فیصد سے بھی کم ہے۔جبکہ کارگل کی جنگ میں شہید ہونے والے مسلمانوں کی تعداد ۱۶فیصد تھی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی لیڈر امت شاہ پر سے الیکشن کمیشن نے پابندی ہٹالی جبکہ اعظم خاں کے خلاف عائد پابندی نہیں ہٹائی۔انہوں نے کہا کہ اعظم خاں کے خیالات ان کی فکر ، نیک نیتی اور ان کے ہندوومسلمانوں سے رشتوں پر پابندی نہیں لگائی جاسکتی۔ جلسہ میں اتفاق رائے سے الیکشن کمیشن سے اپیل کی گئی ہے کہ
اعظم خاں کے خلاف عائد پابندی فوری اثر سے ہٹائی جائے۔جلسہ سے مولانا احمد ادریس قاسمی،فیڈریشن کے شہر صدر اسلم خاں، بابو خاں وغیرہ نے بھی خطاب کیا۔