کانپور (نامہ نگار)کانپور پارلیمانی نشست پر کانگریس اور بی جے پی کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے کو مل رہاہے۔ ایک طرف کانگریس امیدوار شری پرکاش جیسوال چوتھی مرتبہ پارلیمنٹ میں جانے کے لئے بیقرار ہیں دوسری جانب بی جے پی کے سینئر لیڈر مرلی منوہر جوشی کانگریس امیدوار کی کامیاب ہونے کی مہم کو روکنے کی پوری کوشش کررہے ہیں۔اصل مقابلہ کانگریس کے شری پرکاش جیسوال اور بی جے پی کے مرلی منوہر جوشی کے درمیان ہے۔ دونوں ہی امیدوار سیاست کے ماہر کھلاڑی ہیں سیاسی مہارت کے سبب دونوں کے لئے کانپور نشست وقار کا سوال بن گئی ہے۔ اب دیکھنا یہ ہوگا کہ بی جے پی کے باہر کے امیدوار مرلی منوہر جوشی کو کانپور کے عوام پارلیمنٹ میں بھیجتے ہیں یا نہیں۔یا پھر مذکورہ نشست پر کانگریس کا پرچم لہرائے گا۔ اس کا فیصلہ ۳۰؍اپریل کو ہوجائے گا ۔ ۳۰؍اپریل کو انتخاب کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔