امریکا کی ریاست ورجینیا سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون اور ان کی پالتو گھوڑی کی کہانی نے عالمی سطح پر توجہ حاصل کر لی ہے۔
37 برس اور 329 دن کی عمر میں ’فینسی‘ نامی گھوڑی نے دنیا کی معمر ترین مادہ گھوڑی کا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے، جس کی تصدیق گینیز ورلڈ ریکارڈز نے کی۔
فینسی یکم اپریل 1988 کو پیدا ہوئی اور دلچسپ اتفاق یہ ہے کہ اس کی مالکن پیج سِگمن بلومر کی تاریخ پیدائش بھی وہی ہے۔
پیج کے مطابق وہ اور ان کی گھوڑی برسوں سے ایک دوسرے کا ساتھ نبھا رہے ہیں۔ جب پیج کی عمر محض 8 سال تھی تو فینسی ان کی زندگی کا حصہ بنی اور تب سے یہ رشتہ مضبوط ہوتا چلا گیا۔
ریکارڈ کے حصول کے لیے پیج نے مستند دستاویزات اور عمر کے شواہد گینیز حکام کو فراہم کیے، جس کے بعد فینسی کو باضابطہ طور پر یہ اعزاز دیا گیا۔ اس سے قبل یہ ٹائٹل ایک ایسے گھوڑے کے پاس تھا جو 38 برس کی عمر تک زندہ رہا، تاہم اس کی وفات کے بعد نیا ریکارڈ قائم ہوا۔
پیج کا کہنا ہے کہ عمر کے بڑھنے کے ساتھ فینسی کو مختلف جسمانی مسائل کا سامنا کرنا پڑا، لیکن اس کی قوتِ ارادی اور مزاج میں کبھی کمزوری نہیں آئی۔ وہ آج بھی چست اور متحرک ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ مناسب دیکھ بھال، محبت اور توجہ جانوروں کی زندگی کو طویل اور صحت مند بنا سکتی ہے۔