آرٹیفیشل انٹیلی جنس سے لیس اسمارٹ چشمے جلد مارکیٹ میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے، جنہیں پہننے والا سامنے آنے والے شخص کی شناخت فوری طور پر کر سکے گا اور اس کا مکمل پروفائل بھی دیکھ سکے گا۔
یہ ٹیکنالوجی صارف کو حقیقی وقت میں چہرے کی شناخت اور متعلقہ معلومات تک رسائی فراہم کرے گی۔
Meta Platforms کے حوالے سے امریکی اخبار The New York Times کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کمپنی اپنے اسمارٹ گلاسز میں فیشل ریکگنیشن ٹیکنالوجی شامل کرنے پر غور کر رہی ہے۔ اس فیچر کے ذریعے ایسے افراد کی شناخت ممکن ہوگی جن کا عوامی پروفائل Facebook یا Instagram پر موجود ہو۔
تاہم گھریلو تشدد اور انسداد ہراسانی پر کام کرنے والے اداروں نے اس ٹیکنالوجی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ان کے مطابق اسمارٹ چشموں کے ذریعے بدسلوکی کے مرتکب افراد بغیر اجازت کسی کی شناخت اور ذاتی معلومات تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں، جس سے خواتین اور لڑکیوں کو ہراسانی اور نگرانی کے خطرات بڑھ سکتے ہیں۔
میٹا کے ترجمان نے کہا ہے کہ کمپنی اس فیچر کے حوالے سے مختلف آپشنز کا جائزہ لے رہی ہے اور کسی بھی حتمی فیصلے سے پہلے تمام پہلوؤں پر محتاط غور کیا جائے گا۔