ٹوکیو: جاپان میں ذہنی دباؤ سے نجات کے لیے ایک غیرمعمولی رجحان سامنے آیا ہے جہاں لوگ سکون کی تلاش میں تابوت کے اندر لیٹ کر مراقبہ کر رہے ہیں۔
خبر رساں اداروں کے مطابق بظاہر یہ تصور چونکا دینے والا ہے، مگر جاپان کے علاقے Chiba Prefecture میں یہ تجربہ تیزی سے مقبولیت حاصل کر رہا ہے۔
ابتدائی طور پر ایک میت گھر میں اسے مزاحیہ انداز میں متعارف کرایا گیا تھا، تاہم وقت گزرنے کے ساتھ یہ ذہنی سکون کے متلاشی افراد کے لیے باقاعدہ سروس بن گئی۔
فراہم کنندگان کے مطابق تابوت کے اندر محدود وقت کے لیے تنہا لیٹنے سے افراد اپنے اعصاب کو پرسکون کر سکتے ہیں اور زندگی کی عارضی نوعیت پر غور کرتے ہوئے ذہنی دباؤ کم کر سکتے ہیں۔
یہ رجحان ایسے وقت میں ابھرا ہے جب جاپان میں نوجوانوں کے درمیان خودکشی کی شرح میں اضافہ رپورٹ ہوا ہے، جس کے باعث ذہنی صحت کے حوالے سے نئے اور تخلیقی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
سروس فراہم کرنے والے ادارے کا کہنا ہے کہ یہ ایک طرح کا مراقبہ ہے جہاں خاموشی اور تنہائی انسان کو اپنے خیالات منظم کرنے کا موقع دیتی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اب مختلف طرز کے تابوت دستیاب ہیں، جن میں سادہ لکڑی کے علاوہ رنگین اور منفرد ڈیزائن بھی شامل ہیں۔
ایک جاپانی کمپنی نے خاص طور پر ایسے رنگا رنگ تابوت تیار کیے ہیں جن کا مقصد اس تجربے کو کم خوفناک اور زیادہ قابلِ قبول بنانا ہے۔ اس سروس کے تحت افراد تقریباً 13 ڈالر ادا کر کے 30 منٹ تک اس منفرد انداز میں آرام کر سکتے ہیں، اور بظاہر یہ رجحان تیزی سے پھیلتا جا رہا ہے۔