کانپور (نامہ نگار)کانپور کے موجودہ رکن پارلیمنٹ اور چوتھی مرتبہ الیکشن لڑ رہے کانگریس امیدوار شری پرکاش جیسوال نے آج صبح حق رائے دہی کا استعمال کرنے کے بعد کہا کہ یوپی اے ایک مرتبہ پھر مرکز میں حکومت تشکیل کرنے جارہی ہے۔ صبح ۹بجے تک شہر میں تقریباً گیارہ فیصد ووٹنگ ہوچکی تھی۔مرکزی کوئلہ وزیر شری پرکاش جیسوال نے چکیری واقع سرسوتی شکشا مندر کے پولنگ بوتھ پر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ ووٹ دینے کے بعد جیسوال نے صحافیوں سے بتایا کہ ان کا مقابلہ ہر مرتبہ بی جے پی کے امیدوار سے ہوتا ہے اور اس مرتبہ بھی مقابلہ بی جے پی سے ہی ہے۔
مخالفین کے ذریعہ ان کے خلاف عائد الزامات کے سلسلہ میں جیسوال نے کہا کہ الزامات عائد کرنے والوں کو میں کئی مرتبہ چیلنج دے چکا ہوں۔لیکن الزام عائد کرنے والے بی جے پی لیڈر ارون جیٹلی، نریندر مودی یا مرلی منوہر جوشی کسی نے بھی ان کے چیلنج کو قبول نہیں کیا اور نہ ہی الزامات ثابت کئے۔انہوں نے کہا کہ انتخاب کے وقت الزامات عائد کئے جاتے ہیں لیکن انہیں اس سے کوئی فرق نہیںپڑتا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک میں ایک مرتبہ پھر یوپی اے کی حکومت بنے گی۔اسی دوران ضلع الیکشن دفتر سے موصولہ خبر کے مطابق صبح ۹بجے تک کانپور شہر میں گیارہ فیصد رائے دہندگان نے حق رائے دہی کا استعمال کیا ۔ کچھ پولنگ مراکز پر ووٹنگ مشین میں خرابی کی شکایت بھی موصول ہوئی ہے۔مشینوں کو فوری طور پر درست کردیا گیا۔کانپور شہر سے ابھی تک کسی ناخوشگوار واقعہ کی خبر نہیں ہے۔صبح کے وقت ووٹروں کی لمبی قطاریں ووٹنگ مراکز پر لگی ہوئی تھیں۔