الہ آباد۔ الہ آباد پارلیمانی حلقہ سے آزاد امیدوار نریندر تیواری نے کہا ہے کہ بی جے پی وزیر اعظم عہدہ کے امیدوار صرف مسلمان ہی روک سکتے ہیں اگر مسلمانوں نے گرانی اور بدعنوانی کے
خلاف ووٹ دیا تو اترپردیش میں بی جے پی کا گراف کم ہوجائے گا۔
بی جے پی نے سرمایہ داروں کو ٹکٹ دے کر یہ ثابت کردیا ہے کہ پارٹی سرمایہ داروں کے ہاتھ کی کٹھ پتلی ہے۔ پارٹی کو گرانی اور بدعنوانی سے کوئی واسطہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے قول وفعل میں فرق ہے۔ کیونکہ بی جے پی کی اقتدار والی ریاستوں میں بدعنوانی عروج پر ہے۔ بی جے پی کو سرمایہ داروں کی پارٹی قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اترپردیش میں نریندر مودی کی مقبولیت میں کمی ہوگئی ہے۔الہ آباد کی تینوں نشستوں پر بی جے پی کی لہر نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ووٹروں نے کسی بھی سیاسی پارٹی کو ووٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔اترپردیش میں بی جے پی ابھی تک کے انتخاب میں بہت پیچھے ہے۔کیونکہ عام لوگوں نے بی جے پی امیدواروں کو نامنظور کردیا ہے۔ انہوں نے پیش گوئی کی کہ انتخابات ختم ہونے کے بعد گیس کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا اس لئے خواتین حق رائے دہی کا استعمال سوچ سمجھ کر کریں۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی وزیر اعظم عہدہ کے امیدوار نریندر مودی کی انتخابی تشہیر میں ریلائنس گروپ کے انل امبانی نے کروڑوں روپیہ خرچ کیا ہے۔اس کے باوجود بھی نریندرمودی وزیر اعظم نہیں بن سکتے اور نریندرمودی کا وزیر اعظم بننے کا خواب صرف خواب ہی رہ جائے گا۔