گورکھپور (نامہ نگار)سینئر کانگریسی رہنما ڈاکٹر ارمان انصاری ایڈوکیٹ نے اترپردیش حکومت کے وزیر شہری ترقیات اور سماجوادی پارٹی کے رہنما اعظم خاں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ رہنما اپنی شخصیت کی خاطر اول فول بیانات دیکر مسلمانوں کا نقصان کررہے ہیں۔ماحول خراب کرکے ان کا اپنا تو فائدہ ہوتاہے مگر عام مسلمانوں کا نقصان ہوتاہے۔ فرقہ پرستی کوئی بھی کرے اصولاً غلط ہے۔ کارگل جنگ میں سبھی مذاہب کے جوانوں نے اپنی قربانی دی تھی اس لئے اپنے مفاد کی خاطر اپنی شہرت کی خاطر اور وزارت کی خاطر ماحول کو کشیدہ کرنا اور عام مسلمانوں کا نقصان کرنا کسی بھی قیمت پر جائز نہیں ٹھہرایا جاسکتا۔ اعظم خاں جس طرح سے دوسروں کو تنبیہ کرتے ہیں کہ وہ اپنے کو خدا نہ سمجھیں اسی طرح خود انہیں بھی اپنے کو خدا نہ سمجھنا چاہئے۔آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے قول وفعل کو محدود رکھیں۔ ذاتی مفاد پرستی
کی خاطر کروڑوں مسلمانوں کے مستقبل سے کھلواڑ نہ کریں۔
قوم کی خدمت بے لوث ہونا چاہئے یہی ایمان کی علامت ہے۔ اس موقع پر خاص طور سے این کے ندیم،امیر انصاری، ناصر منا،انعام انجینئر ، اخلاص انجینئر ،معید احمد،رضوان اللہ، محمود احمد،ارشاد ایڈوکیٹ، خالد ایڈوکیٹ، ڈاکٹر جاوید، فیضان اللہ ،ریحان اللہ وغیرہ موجود تھے۔