لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ بی جے پی نے پانچویں مرحلہ کے انتخابات میں سماج وادی پارٹی کے ذریعہ مبینہ طور پر بدعنوانی کا الزام عائد کیا۔ پارٹی کے ریاستی ترجمان ڈاکٹرمشرا نے کہاکہ سماج وادی پارٹی کے کارکنان اور عہدیداران انتخابات میں بڑے پیمانے پر بدعنوانی کی تیاری کر رہے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ تیسرے مرحلہ کے انتخاب میں فرضی ووٹنگ بوتھ پر قبضہ اور رائے دہندگان کو خوفزدہ کرنے کے واقعات پیش آئے ہیں اور اب سماج وادی پارٹی کے کارکنان پانچویں مرحلہ کے انتخاب میں بدعنوانی کرنے کی تیاری کررہے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ سماج وادی پارٹی حکومت کے بہت سے افسران کھلے عام برسراقتدار پارٹی کے امیدواروں کے ایجنٹ کے طورپر کام کر رہے ہیں۔
پولیس اور انتظامیہ کے افسران غیر جانبدار
ہونے کے بجائے سماج وادی پارٹی کے امیدواروں کی حمایت میں کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ باقی دو مرحلوں میں سرکاری مشینری کا استعمال کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے جو انتخابی سرگرمیوں کو متاثر کر سکتے ہیں۔ ڈاکٹر مشرا نے کہا کہ وہ الیکشن کمیشن سے سماج وادی پارٹی حکومت کے وزراء اور عہدیداران کے منصوبوں کی شکایت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو حکومت کے وزراء اور سماج وادی پارٹی کارکنان کی سرگرمیوں کی سخت نگرانی کرنی چاہئے اور قصورواروں کے خلاف سخت سے سخت کارورائی کی جانی چاہئے۔