لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ کینٹ واقع گورکھا ریزیمنٹ کے پیچھے ریلوے لائن کے قریب ایک نوجوان کی لاش پڑی ہوئی ملی۔ لاش کو پولیس نے لاوارث سمجھ کر رجسٹریشن کرنے کے بعد پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا لیکن اتوار کو پوسٹ مارٹم ہاؤس میں لاش کی شناخت کرلی گئی۔ اس سلسلہ میں کینٹ پولیس نے بتایا کہ جمعہ کو گورکھا ریزیمنٹ کے پیچھے ریلوے لائن پر ایک ۲۲ سالہ نوجوان کی لاش پڑی ہوئی تھی۔ مقامی لوگوں نے اس واقعہ کی اطلاع پولیس کودی۔ موقع پر پہنچ کر پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔ پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ اس وقت تک متوفی کی لاش کی شناخت نہیں ہو سکی تھی۔ کل دیر رات جب نیل متھا کا باشندہ گوپال پولیس کے پاس آیا تو اس نے بتایا کہ اس کا چھوٹا بھائی دیپک دو دن سے لاپتہ ہے۔ پولیس نے دیپک کے چھوٹے بھائی کو لاش کی شناخت کرنے کیلئے میڈیکل کالج بھیجا۔ اتوار کومتوفی کی شناخت دیپک کے طور پر کر لی گئی۔ گوپال نے بتایا کہ گزشتہ برس اس کے ایک بھائی کی موت ہو گئی جس کے بعد سے دپیک ذہنی طور پر پریشان رہنے لگا تھا۔ اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ دیپک نے بھائی کی موت کے غم میں ٹرین کے آگے کود کر خود کشی کر لی۔