نئی دہلی،5مئی (یو این آئی)سینئر کانگریسی لیڈر احمد پٹیل نے آسام کے بکسہ وکوکرا جھار علاقوں میں مسلمانوں پر ہوئے مظالم کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے بچوں،خواتین اور عام لوگوں کی ہلاکت پرگہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے نیز انہوں نے آئندہ ایسے حادثات کو روکنے کا مطالبہ کیا ہے ۔مسٹر پٹیل نے اس سلسلہ میں کانگریس صدر سونیا گاندھی اور آسام کے وزیراعلیٰ ترون گگوئی سے بھی بات کی ہے ، انہوں نے وزیر اعلیٰ سے مطالبہ کیا ہے کہ جن لوگوں نے بھی معصوم انسانوں کا قتل کیا ہے ،گھر جلائے ہیں۔ ان کو عبرتناک سزا دی جائے ۔ انہوں نے مسٹر ترون گگوئی سے ٹیلی فون کرکے کہا ہے کہ تمام مہلوکین کے ورثا ء کو مناسب معاوضہ دیاجائے اور جولوگ اپنا گھر بار چھوڑکر آئے ہیں ۔ان کیلئے ریاستی حکومت مناسب انتظامات کرے تاکہ انہیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ مسٹر احمد پٹیل نے وزیراعلیٰ سے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دوبرسوں کے درمیان یہ دوسرا بڑا حادثہ ہے جس میں بے قصور افراد مارے گئے ہیں۔ انہوں نے مسٹر گگوئی سے کہا ہے کہ تشدد فوراًرکنا چاہئے اورامن وسکون بحال ہونی چاہئے اور ایسی حکمت عملی اختیار کی جانی چاہئے جس سے اس قسم کے حادثات کا باب ہمیشہ کیلئے بند ہوجائے۔انہوں نے کہا کہ نقصان چاہے ہندو کا ہو یا مسلمان کا،یہ نقصان دراصل
ملک کا ہوتا ہے انہوں نے تمام طبقوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مل جل کر رہیں اور ایک دوسرے کا احترام کریں۔یو این آئی۔