لندن ۔برطانیہ کے معروف اسنوکر کھلاڑی رونی او سلیون چھٹی بار عالمی اسنوکر کا اعزاز اپنے نام کرنے کے بے حد قریب پہنچ چکے ہیں۔انھوں نے گذشتہ رات اپنے ہم وطن مارک سیلبی پر 7-10 کی سبقت حاصل کر لی تھی۔پیر کو برطانوی وقت کے مطابق دوپہر دو بجے پھر سے کھیل شروع ہوگا، جس میں رونی کو مسلسل تیسری بار فتح حاصل کرنے کے لیے صرف آٹھ فریم درکار ہوں گے۔ایک وقت ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ سلیون آسانی کے ساتھ عالمی اعزاز اپنے نام کر لیں گے جب انھوں نے چودھویں اور پندرھویں فریم میں بالترتیب 131 اور 87 کا بریک کھیلا تھا۔لیکن سیلبی نے اس کے بعد آخری دونوں فریموں میں سبقت حاصل کر کے سخت مزاحمت کا ثبوت فراہم کیا۔پہلے دور میں سلیون نے تین فریم اپنے نام کیے، ہرچند کہ دونوں کھلاڑی اپنے پورے فارم میں نظر نہیں آئے۔ اس کے بعد سیلبی نے دو فریموں میں جیت حاصل کی۔ ابھی تک 17 فریم ہو چکے ہیں اور آخری دو فریموں میں سیلبی نے 58 اور 62 کے دو بریک کھیلے جس کی بدولت وہ ابھی تک مقابلے میں موجود ہیں۔واضح رہے کہ میچ میں یہ دونوں بریک ان کے بہترین کھیل کا مظاہرہ تھا۔تاہم ابتدائی فریموں میں سیلبی ایک گیند کو پاٹ نہیں کر سکے جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سلیون نے دوسرا اور تیسرا فریم جیت لیا۔ تیسرے فریم میں انھوں نے 102 کا بریک کھیلا۔آج شام کو جب کھیل دوبارہ شروع ہوگا تو چیزیں زیادہ واضح ہوں گی۔ یہ چمپئن شپ ابھی درمیان میں ہے اور 35 میں سے 17 فریم ہو چکے ہیں جس میں سولیوان کو 7-10 کی سبقت حاصل ہے۔