لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ بی جے پی کے اترپردیش انچارج امت شاہ کے ذریعہ اعظم گڑھ کو دہشت گردی کا گڑھ کہنے پربی ایس پی سپریمو مایاوتی نے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی جبکہ اعظم گڑھ ضلع میں سب سے بڑا دہشت گرد بی جے پی امیدوار رما کانت یادو ہے اور ان کا بھائی اماکانت یادو بھی ہے جسے پارٹی میں ہونے کے باوجود اپنی حکومت کے دوران اپنی رہائش گاہ پر بلاکر گرفتار کرایا تھا جو اعظم گڑھ نشست سے بی جے پی کا امیدوار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اعظم گڑھ کے کچھ لوگوں نے غلط کام کئے ہیں وہ چاہے ہندو ہوں یا مسلمان۔ اس کا مطلب ہرگز یہ نہیںہے کہ اعظم گڑھ کے ہندو یا مسلم سماج کے لوگ دہشت گرد ہیں۔ بی ایس پی سپریمو نے یہ بات پریس کانفرنس کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی جس ریاست کی ترقی کے معاملہ کو ملک کا اعلیٰ ماڈل بتاکر انتخاب لڑ رہی ہے وہ جھوٹ پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امت شاہ کے دہشت گردی کے بیان سے اعظم گڑھ میں نظم و نسق خراب ہو سکتاہے۔انہوں نے چیف الیکشن کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ امت شاہ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور ان کے ر
یاست میں آنے پر پابندی عائد کردی جائے ورنہ پوروانچل علاقہ میں کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ پیش آسکتا ہے۔ مایاوتی نے سماجو ادی پارٹی کے سینئر لیڈر ابواعظمی کے خلاف بھی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ابو اعظمی کے بیان سے ریاست کے مسلمانوں میں کافی غصہ ہے جس کی وجہ سے پوروانچل میں انتخابات متاثرہو سکتے ہیں۔ اس لئے سماج وادی پارٹی کے لیڈر کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے اور انہیں بھی اترپردیش میں آنے سے روکا جائے۔ سابق وزیر اعلیٰ نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ اترپردیش کے جن حلقوں میں انتخاب باقی ہیں وہاں مرکزی سلامتی دستوں کا انتظام کیا جائے اور تمام پولنگ بوتھوں سے ریاستی پولیس کو ہٹا لیاجائے۔ انہوں نے کہا کہ اعظم گڑھ پارلیمانی نشست کیلئے خصوصی بندوبست کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک ریاست میں ہوئے چار مرحلوں کے انتخاب میں الیکشن کمیشن کا بندوبست قابل اطمینان نہیں رہا۔ اجودھیا کے متنازعہ مقام کے بارے میں سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ معاملہ ابھی عدالت میں زیرسماعت ہے اور اس معاملہ میں ان کی پارٹی کی طرح دیگر پارٹیوں کو بھی عدالت کے فیصلہ کا انتظار کرنا چاہئے۔ انہوںنے کہا کہ تمام فریقوں کو عدالت کے فیصلہ کو منظور کرنا چاہئے۔ اس سے قبل اس معاملہ میں کسی بھی پارٹی کا تبصرہ کرنا ملکی مفادات میں نہیں ہوگا۔