ٹیکساس: امریکی ریاست ٹیکساس کے 81 سالہ ڈونلڈ ’’ڈان‘‘ جانسن کی اپنی اہلیہ کے علاج کے لیے جدوجہد کی کہانی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
ڈونلڈ جانسن اور ان کی اہلیہ جوزفین کی شادی کو 57 برس ہوچکے ہیں۔ ڈونلڈ اہلیہ کے کینسر کے علاج کے اخراجات پورے کرنے کے لیے آزاد ڈرائیور کی حیثیت سے روزانہ تقریباً 14 گھنٹے کام کرتے اور سیکڑوں میل سفر کرکے ایئرلائنز کا گمشدہ سامان متعلقہ افراد تک پہنچاتے رہے۔
والد کی مالی مشکلات کا علم ہونے کے بعد ایمی نے ’’ہیلپ ڈان ریٹائر‘‘ کے نام سے چندہ مہم شروع کی، جس کا مقصد انہیں محنت طلب کام سے ریٹائر کرانا اور خاندان پر موجود مالی بوجھ کم کرنا تھا۔
کہانی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد بڑی تعداد میں لوگوں نے عطیات دینا شروع کردیے اور چندہ مہم کے ذریعے لاکھوں ڈالر جمع ہونے لگے، چندہ جمع کرنے والے پلیٹ فارم نے بعدازاں ’’حقائق کی غلط نمائندگی‘‘ کے باعث مہم بند کردی اور عطیات واپس کردیئے گئے۔
مہم چلانے والی ایمی نے ابتدا میں خود کو جوڑے کی بیٹی کے بجائے مقامی رہائشی ’’ایرن ہاول‘‘ ظاہر کیا تھا،خاندان نے واضح تعارف کے ساتھ نئی چندہ مہم شروع کی، جس کا مقصد جوزفین کے علاج سے متعلق طبی قرض ادا کرنا اور ڈونلڈ کو ریٹائرمنٹ کا موقع فراہم کرنا ہے۔
ڈونلڈ جانسن نے عطیہ دینے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کی غیر متوقع مدد ان کے لیے کسی معجزے سے کم نہیں، اس تعاون سے اب وہ اپنی اہلیہ کے ساتھ وقت گزارنے اور کینسر کے خلاف ان کی جدوجہد میں ساتھ دینے پر توجہ مرکوز کرسکیں گے۔