کانپور (نامہ نگار)مغربی بنگال کے مالدہ ضلع سے نقلی نوٹ لے کر اٹاوہ جارہے ایک نوجوان کو کانپور پولیس نے جے پور پولیس کی مددسے گرفتار کرلیا اور اس کے قبضہ سے تین لاکھ ۳۷ہزار ۵۰۰کے نقلی نوٹ برآمد کئے۔پولیس کو تحقیقات کے دوران اس کے دیگر ساتھیوں کا بھی پتہ چلا جو نقلی نوٹوں کا کاروبار کرتے تھے۔پولیس ان افراد کو تلاش کررہی ہے۔ گرفتار شخص اٹاوہ کا رہنے والا ہے۔کلکٹر گنج پولیس اسٹیشن کے سرکل افسر ڈی ایس پی راگھ
ویندر یادو نے بتایا کہ اٹاوہ کے سول لائن کے رہنے والے سرجیت کمار یادو کی راجستھان پولیس اور ایس اوجی کو نقلی نوٹوں کے معاملے میں تلاش تھی۔سرجیت کے مغربی بنگال میں مالدہ فرخہ ایکسپریس کے ذریعہ کانپور ہوتے ہوئے اٹاوہ آنے کی اطلاع ۴مئی کو راجستھان ایس اوجی ٹیم کو ملی اور راجستھان کی ایس اوجی نے کانپور میں ڈیرہ ڈال دیا۔لیکن اس درمیان سرجیت کو پولیس کی خبر ملی اور وہ مہاننداایکسپریس سے کانپور کے سینٹرل اسٹیشن پر ہی اترگیا۔جب وہ ریلوے اسٹیشن کے باہر آیا تو پولیس نے اسے نقلی نوٹوں کے ساتھ گرفتار کرلیا۔ ڈی ایس پی یادو نے بتایا کہ تلاشی میں سرجیت کے پاس سے ۵۰۰-۵۰۰روپئے کے ۶۷۵جعلی نوٹ برآمد کئے جن کی کل قیمت تین لاکھ ۷۵ہزار ۵۰۰روپئے تھی۔اس کے علاوہ ۵۵۰۰کے اصلی نوٹ اور ڈرائیونگ لائسنس بھی برآمد ہوا۔تحقیقات کے دوران اس نے بتایا کہ وہ یہ روپئے مالدہ سے اٹاوہ لے جارہاتھا۔ اس نے اس کام میںشامل کئی لوگوں کے نام بتائے جن کو گرفتار کرنے کے لئے پولیس ٹیم اٹاوہ اور مالدہ بھیجی گئی۔ پولیس معاملے کی تفتیش کرکے گروہ کے دیگر افراد کا پتہ لگانے کی کوشش کررہی ہے۔