لکھنؤ(نامہ نگار)سماجوادی پارٹی کے ریاستی ترجمان راجندر چودھری نے دعویٰ کیا ہے کہ پارلیمانی انتخابات کے پانچویں مرحلہ میں بھی رائے دہندگان سماجوادی پارٹی کے حق میں ووٹ ڈالیں گے۔ مسٹر چودھری نے آج جاری بیان میں کہا کہ انتخابات کے پانچویں مرحلہ میں کل ۱۵پارلیمانی حلقوں میں ووٹنگ ہونے جا رہی ہے۔
مسٹر چودھری نے کہا کہ شروع سے کچھ پارٹیاں الیکشن کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوششوں میں مصروف ہیں لیکن ریاست کے بیدار رائے دہندگان نے فرقہ پرستی کے خلاف ووٹ ڈال کر جمہوریت کو طاقت بخشی ہے۔ سماجوادی پارٹی ترجمان نے مزید کہا کہ نریندر مودی اورامت شاہ کی جوڑی اور بجرنگ دل، وشو ہندو پریشد، آر ایس ایس اور بی جے پی کی چوکڑی چاہے جتنی کوشش کر لے اترپردیش میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔ گجرات ماڈل کی قلعی ک
ھلنے سے اب مودی کی دکان بند ہو گئی ہے۔
مسٹر چودھری نے کہا کہ اترپردیش میں سماجوادی پارٹی کی پالیسیاں و ملائم سنگھ یادو کی طاقتور قیادت ہے۔ ریاست میں وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو کی قیادت میں سماجوادی حکومت نے مفاد عامہ کی تمام اسکیموںکو عملی جامہ پہنا یا ہے جن کی دوسرے صوبوںمیں نقل بھی نہیں ہو پا رہی ہے ۔مسٹر چودھری نے کہا کہ شمالی ہند میں پارلیمانی انتخابات میں رائے دہندگان کے پاس دو ہی متبادل ہیں۔ ایک طرف فرقہ پرستی ہے جس کی قیادت نریندر مودی کرتے ہیں انہیں ترقی کی سیاست نہیں کرنا ہے صرف جھوٹ بولنا ہے دوسری جانب ملک کی ہمہ جہت ترقی اور غریب، کسان، پسماندہ، نوجوانوں اور مسلمانوں کی بہبود کیلئے سیاست ملائم سنگھ یادو کرتے ہیں جن کا کہنا ہے کہ ملک اعتقاد سے نہیں آئین سے چلتا ہے۔ ریاست اور ملک کا رائے دہندگان جانتا ہے کہ جمہوریت اور ترقی کی سیاست کو سماجوادی ہی تحفظ دیتی آئی ہے۔