اعظم گڑھ ، 07 مئی (یو این آئی)اعظم گڑھ ضلع انتظامیہ کے اہلکاروں نے بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی سربراہ مایاوتی کو سماجوادی پارٹی کے صدر ملائم سنگھ یادو کے خلاف یہاں 3 مئی کو اپنے انتخابی جلسے کے دوران قابل اعتراض تبصرہ کرنے کی وجہ سے نوٹس جاری کیا ہے۔ اعظم گڑھ کے سب ڈویزنل مجسٹریٹ (ایس ڈی ایم) نے محترمہ مایاوتی کو نوٹس دیا ہے اور انہیں 24 گھنٹے میں اس کا جواب داخل کرنے کا حکم دیا ہے۔ یہ نوٹس مایاوتی کو کل بھیج دیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ اعظم گڑھ میں 3 مئی کو اپنے انتخابی جلسے کے دوران جہاں سے مسٹر ملائم سنگھ یادو بھی اپنی پارٹی کے امیدوار ہیں، محترمہ مایاوتی نے یہ الزام لگایا تھا کہ مسٹر یادو صرف اپنی دوسری بیوی کی خوشنودی کے لئے اعظم گڑھ سے الیکشن لڑرہے ہیں اور یہاں جیت حاصل کرنے کے بعد وہ یہ نشست اپنے بیٹے پرتیک یادو کے لئے خالی کردیں گے۔ قابل ذکر ہے کہ ملائم سنگھ یادو مین پوری اور اعظم گڑھ دونوں پارلیمانی نشستوں سے الیکشن لڑرہے ہیں۔ مین پوری میں 24 اپریل کو ووٹ ڈالے جاچکے ہیں جبکہ اعظم گڑھ میں 12 مئی کو ووٹنگ ہوگی۔ کل ملائم سنگھ یادو کے برادر رام گوپال یادو
نے دعوی کیا تھا کہ ملائم سنگھ اعظم گڑھ کی سیٹ خالی نہیں کریں گے۔