بنارس، 07 مئی (یو این آئی) پارلیمانی انتخابات میں پہلی بار الیکشن لڑنے والے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے منصب وزارت عظمی کے امیدوار نریندر مودی کل سے بنارس میں ڈیرہ جماکر عوام سے اپنے لئے ووٹ مانگیں گے۔ واضح رہے کہ مسٹر مودی بنارس اور بڑودہ کے دو پارلیمانی حلقوں سے الیکشن لڑرہے ہیں۔ بنارس میں عام انتخابات کے آخری مرحلے میں 12 مئی کو ووٹ ڈالے جائیں گے جبکہ بڑودہ میں 30 اپریل کو ووٹنگ ہوچکی ہے۔
بی جے پی کے اسٹار کمپینر مسٹر مودی نے گزشتہ 24 اپریل کو بنارس پارلیمانی حلقہ سے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا تھا۔ وہ آئندہ تین دنوں تک بنارس میں قیام کرکے انتخابی مہم چلائیں گے۔ یہاں 10 مئی کو شام چھ بجے تک انتخابی مہم ختم ہوجائے گی۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ مسٹر مودی کل دوپہر تک بنارس پہنچیں گے اور شہر کے بینیا باغ ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کریں گے۔ وہ شام کو یہاں کے عالمی شہرت یافتہ اس ی گھاٹ پر گنگا آرتی میں شامل ہوں گے اور اس کے بعد شہر کے مضافات میں جگت پور علاقہ میں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کریں گے۔
ذرائع کے مطابق نریندر مودی 9 مئی کو پارٹی کے کارکنوں اور لیڈروں کے ساتھ میٹنگ کریں گے جس میں وہ 12 مئی کو ہونے والے انتخابات کے لئے منصوبہ بندی کریں گے۔ انتخابی مہم کے آخری دن 10 مئی کو وہ ایک عوامی ریلی سے خطاب کریں گے۔ قابل ذکر ہے کہ بی جے پی نے بنارس کے لئے مقامی انتخابی منشور جاری کیا ہے۔
جس میں انہوں نے لوگوں سے وعدہ کیا ہے کہ بنارس کو بین الاقوامی سیاحتی مرکز کے طورپر فروغ دیا جائے گا۔ اس کے ساتھ گنگا کو آلودگیوں سے پاک کرنے کے لئے بھی خصوصی طورپر وعدہ کیا گیا ہے۔ گنگا کو غلاظتوں سے پاک کرنے کے لئے اس میں گرنے والے نالوں کے دہانے پر ٹریٹمنٹ پلانٹ لگایا جائے گا۔
علاوہ ازیں ملک اور بیرون ملک میں مشہور یہاں کی بنارسی ساڑیاں بنانے میں مصروف کار بنکروں کو ترغیب دینے کے لئے خصوصی منصوبے نافذ کرنے کا بھروسہ دلایا گیا ہے، اور اس مذہبی شہر کی ثقافتی شناخت کو قائم رکھنے کے لئے متعدد منصوبے بنانے کا بھی وعدہ کیا گیا ہے۔