نیویارک: امریکا میں ڈونلڈ ٹرمپ سمیت اہم سیاسی شخصیات کو قتل کرنے کی سنگین سازش کے الزام میں پاکستانی شہری آصف مرچنٹ کو 27 سال اور 6 ماہ قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق وفاقی عدالت نے یہ فیصلہ بین الاقوامی دہشت گردی کے الزامات پر کیا ہے۔
امریکی محکمہ انصاف کے مطابق 48 سالہ آصف مرچنٹ نے 2024 میں ایران کی ہدایت پر امریکا میں ایسے افراد کو بھرتی کرنے کی کوشش کی جو اہم سیاسی رہنماؤں کو نشانہ بنا سکیں۔
الزامات کے مطابق اس منصوبے میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے علاوہ دیگر اعلیٰ شخصیات بھی شامل تھیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس سازش کا مقصد 2020 میں امریکی حملے کے دوران ہلاک ہونے والے ایرانی فوجی کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کی موت کا بدلہ لینا تھا۔ امریکی خفیہ اداروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے حملے سے قبل ہی اس خطرناک منصوبے کو ناکام بنا دیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آصف مرچنٹ نے اپریل 2024 میں ایک شخص سے اس منصوبے میں مدد طلب کی تھی، مگر اس شخص نے امریکی حکام کو اطلاع دے کر مخبری کر دی۔ اسی اطلاع کی بنیاد پر ایف بی آئی نے آصف مرچنٹ کو گرفتار کیا اور مارچ میں عدالت نے انہیں مجرم قرار دیا تھا۔
عدالتی کارروائی کے دوران آصف مرچنٹ نے اعتراف کیا کہ وہ ایران کی پاسداران انقلاب سے منسلک افراد کے ساتھ رابطے میں تھے۔ انہوں نے کہا کہ تہران میں موجود اپنے اہل خانہ کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے وہ دباؤ کا شکار تھے اور مجبوری میں اس سازش کا حصہ بنے۔
آصف مرچنٹ نے مزید کہا کہ انہیں کسی مخصوص شخصیت کو قتل کرنے کا براہ راست حکم نہیں ملا تھا، البتہ ایرانی رابطہ کاروں نے گفتگو کے دوران 3 ممکنہ اہداف کے نام لیے تھے۔ یہ مقدمہ امریکی عدالتی تاریخ میں ایک انتہائی حساس نوعیت کا کیس سمجھا جا رہا تھا۔
دوسری جانب ایرانی حکومت نے ان تمام الزامات کی سختی سے تردید کی ہے۔ تہران کا موقف ہے کہ ان کا ڈونلڈ ٹرمپ یا کسی بھی امریکی عہدیدار کو قتل کرنے کی سازش سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
کیس کے بعد امریکا میں اعلیٰ شخصیات کی سیکیورٹی میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔