شمتھرا(بھاشا)پارلیمانی انتخاب میں متھرا پارلیمانی نشست سے بی جے پی امیدوار واداکارہ ہیمامالنی کے ووٹ کاٹنے کے ارادے سے پانچ کروڑ روپئے کے لالچ میں آزادامیدوار دیرگر ہیمامالنی ایک پرائیویٹ چینل کے اسٹنگ آپریشن کے دوران اپنے منصوبہ کا انکشاف کرنے کے سبب مشکل میں پھنس گئی ہیں۔ ضلع الیکٹورل افسر وشال چوہان نے اسٹنگ آپریشن کی جانچ کے بعد صدر تھانہ میں آزاد امیدوار ہیمامالنی کے خلاف مقدمہ درج کرایا ہے۔ اے ڈی ایم انجنی کمار کے ذریعہ جانچ کے دوران ابتدائی طور پر یہ معلوم ہوا ہے کہ آزاد امیدوار ہیمامالنی نے پانچ کروڑ کے عوض میں بی جے پی امیدوار واداکارہ ہیمامالنی کے ووٹ کاٹنے کے لئے انتخاب لڑنے کی بات تسلیم کی تھی۔ واضح رہے کہ متھرا میں پارلیمانی نشست کے لئے بی جے پی امیدوار واداکارہ ہیمامالنی کے خلاف دو دیگر ہیمامالنی نے پرچے داخل کئے تھے۔بعد میں ایک آزاد امیدوار ہیمامالنی نے اپنا نام واپس لے لیا تھا یکن بلدیو علاقہ کے نگلہ رام سروپ کے باشندے رام کشن کی بیوی ہیمامالنی نے نام واپس نہیں لیا۔الیکشن افسر کے ذریعہ انہیں گوبھی کا پھول بطور انتخابی نشان الاٹ کیاگیا جو بی جے پی
کے انتخابی نشان کمل سے مشابہ ہے۔اتفاق سے پہلی ای وی ایم میں ۱۶؍امیدواروں کے نام درج ہونے کے بعد ان کانام دوسری ای وی ایم میں چوتھے نمبر پر رکھا گیاتھا جبکہ ۲۰؍امیدواروں کی فہرست میں آخری نمبر پر تھیں۔جبکہ بی جے پی امیدوار کا انتخابی نشان رجسٹرڈ قومی پارٹی کے طور پر ترجیحی سلسلہ میں پہلی ای وی ایم کے چوتھے خانہ میں تھا۔ اس سے قبل انتخابی مہم کے دوران ایک چینل نے اسٹنگ آپریشن کے ذریعہ آزادامیدوار ہیمامالنی کے منصوبہ کا انکشاف کردیا تھا۔اس معاملہ پر کارروائی کرتے ہوئے ضلع الیکٹورل افسر وضلع مجسٹریٹ وشال چوہان نے آزاد امیدوار ہیمامالنی کو انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا قصوروار ٹھہرایا۔