لکھنو۔(نامہ نگار)بی جے پی نے پارٹی کے وزیراعظم عہدے کے امیدوار نریندرمودی کے تشہیر کرنے پر پابندی عائد کرنے کی مخالفت کی۔ پارٹی کے ریاستی صدر ڈاکٹر لکشمی کانت باجپئی نے کہا کہ پارٹی مقامی الیکشن افسر کے ذریعے وارانسی میں مودی کے گنگا آرتی کرنے اور عوامی جلسہ منعقد کرنے پر روک لگانے کی سخت مخالفت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پہلا الیکشن ہے جس میں امیدوار کو تشہیر کرنے کی اجازت نہیں ہے۔کیوں کہ الیکشن افسر برسراقتدار پارٹی کے اشارے پر کام
کررہے ہیں۔ مسٹر باجپئی نے کہا کہ وارانسی کے پارلیمانی حلقہ میںالیکشن افسر کا شک دائرے میں ہونا، غیر جانب دار انہ ہونا اور انتخاب کو متاثر کرنے کی کوشش کرنا جمہوریت کیلئے افسوسناک ہے۔ اس سے بھی زیادہ افسوسناک بات یہ ہے کہ وزیراعظم عہدے کے بی جے پی امیدوار کے انتخابی مہم پر پابندی عائد کرنا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی الیکشن افسر کے اس فیصلے سے حیران ہے انہوں نے مودی کے عوامی جلسوں روہمیا اور بیلیا باغ کی ریلی کو منظوری نہ دینے کے فیصلوں کو بھی افسوسناک قرار دیا۔ ڈاکٹر باجپئی نے سنگین الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن افسر نے بی ایل او کا غلط استعمال کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کل دیئے جانے والے دھرنے میں وہ پارٹی کے دیگر لوگوں کے ساتھ شامل ہوں گے۔