گورکھپور (نامہ نگار)اترپردیش کانگریس کمیٹی انتخابی مہم کمیٹی کے رکن اورپارٹی کے ضلع نائب صدر مارکنڈے پرتاپ سنگھ نے پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں سے کہا کہ مرکز میں کانگریس پارٹی کی حکومت غریبوں ،کسانوں، نوجوانوں اور خواتین کی ترقی کے لئے اسکیموں کے ذریعہ انہیں معاشی اور سماجی طور پر مضبوط کرسکتی ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ گورکھپور کی ترقی کانگریس پارٹی کے امیدوار کے منتخب ہونے کے بعد ہی ممکن ہے۔مسٹر سنگھ نے مزید کہا کہ گورکھپور پارلیمانی علاقہ کے بیدار عوام کانگریس پارٹی کے امیدوار اشٹ بھجا ترپاٹھی کو رکن پارلیمنٹ منتخب کریں گے۔جس کے بعد کانگریس پارٹی کے کارکنان گورکھپور علاقہ کی رکی ہوئی ترقی کو پانچ برسوں میں دور کردیں گے۔ مسٹر سنگھ نے کہا کہ ریاست میں کانگریس کی حکومت کے بعد بی جے پی ،سماجوادی پارٹی کی حکومتوں نے پوروانچل کے لوگوں کو سبز باغ دکھائے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ گورکھپور کے عوام کی بد قسمتی ہے کہ دماغی بخار سے معصوم بچوں کی موت ہورہی ہے۔ میڈیکل کالج انتظامیہ غفلت میں ہے اور کبھی بھی بند ہوسکتاہے۔
انہوں نے کہا کہ کھاد کا کارخانہ بھی بند ہے ۔پوروانچل کی چینی ملیں کم قیمت پر بی ایس پی اور سماجوادی پارٹی کے اقتدار میں فروخت کردی گئی ہیں جبکہ گنا کسانوں کا کروڑوں کا روپیہ ملوں پر بقایا ہے۔انہوں نے کہا کہ گورکھپور میں ٹریفک بندوبست درہم برہم ہوگیا ہے۔ خواتین غیر محفوظ
ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام مسائل کو صرف کانگریس پارٹی ہی حل کرسکتی ہے۔