لکھنؤ، 9 اپریل (یو این آئی) اترپردیش کے مذہبی شہر کاشی میں بغیر کسی مذہبی تقریب کے لاکھوں لوگوں کو اکٹھا کرکے یہاں کے سیاسی ماحول میں گرمی پیدا کرنے کا جو کرشمہ نریندر مودی نے کیا اس کے جواب میں اب کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی اور اترپردیش کے وزیراعلی اکھلیش یادو بھی وارانسی کے انتخابی ماحول میں جوش پیدا کریں گے۔کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی اوروزیراعلی اکھلیش یادو انتخابی مہم کے آخری دن 10 مئی کو وارانسی میں روڈ شو کریں گے۔وارانسی کی ضلع انتظامیہ نے اکھلیش یادو اور راہل گاندھی کے روڈ شو کی فی الحال اجازت دے دی ہے۔ اب راہل گاندھی اور اکھلیش یادو کے روڈ شو کو عظیم الشان بنانے کی تیاری میں ان کے حامی مصروف ہوگئے ہیں۔
سماج وادی پارٹی کے لیڈروں کا دعوی ہیکہ 10 مئی کو ملک بھر میں صرف اکھلیش یادو کے وارانسی میں ہوئے روڈ شو کی ہی گونج سنائی دے گی۔وزیراعلی کے وارانسی میں روڈ شو دیکھنے اور انہیں سننے کے لئے بڑی تعداد میں لوگوں کو جمع کرنے اور اس ریلی کو کامیاب بنانے کی ذمہ داری ان ک
ی حکومت کے 12 سے زیادہ وزیروں کو سونپی گئی ہے۔ ان وزیروں کا دعوی ہے کہ 10 مئی کو پوری وارانسی کی گلیوں اور سڑکوں پر لال رنگ کی ٹوپیاں اور جھنڈے نظر آئیں گے۔ وزیراعلی اکھلیش یادو کی جانب سے روڈ شو کے دوران نریندر مودی پر تنقید کرنے کا امکان ہے۔
ریاست کے وزیرزراعت منوج پانڈے کا دعوی ہے کہ مسٹر مودی نے جو لہر چلائی ہے وہ اس کی ہوا نکالیں گے اور ترقی کے نام پر جس گجرات ماڈل کا بی جے پی کے لوگ ڈنکا پیٹ رہے ہیں، اس کی پول کھولیں گے۔وزیراعلی کے اس روڈ شو کے دوران ان کے ساتھ وارانسی سیٹ سے الیکشن لڑنے والے سماج وادی پارٹی کے امیدوار کیلاش چورسیا ہوں گے۔کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی بھی روڈ شو کرنے کے لئے 10 مئی کو وارانسی پہنچیں گے۔ امیٹھی میں ووٹنگ کے دن کئی طرح کے تلخ تجربات حاصل کرنے والے راہل اب اپنی انتخابی مہم کا آخری دن یادگار بنانا چاہتے ہیں جس کے لئے کانگریس لیڈران لوگوں کی بڑی تعداد جمع کرنے میں مصروف ہوگئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق راہل گاندھی اپنے اس روڈ شو کے ذریعہ اپنی مقبولیت اور طاقت کا احساس کرانا چاہتے ہیں۔ وہ اس روڈ شو کے ذریعہ مسلمانوں کی غلط فہمیوں کو دور کرکے انہیں متحد ہوکر ووٹ ڈالنے کا مشورہ دیں گے۔کانگریس ترجمان امرناتھ اگروال کے مطابق ہریانہ اور اتراکھنڈ کے وزراء اعلی کے علاوہ سچن پائلٹ، جیوترادتیہ سندھیا اور دپیندر ہڈا، ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اظہر الدین، اداکارہ نغمہ، کپِل سبل، اور امبیکا سونی بھی وارانسی میں روڈ شو کے دوران موجود ہوں گی۔ راہل گاندھی کے ساتھ گاڑی میں وارانسی سے الیکشن لڑنے والے اجے رائے ہوں گے۔