عام طور پر عورتیں اپنے چہرے کی خوبصورتی کے لئے تمام اقدامات کرتی ہیں لیکن اتنا سب کرنے کے بعد بھی انہیں خاطر خواہ فائدہ نہیں ملتا کیونکہ جلد کی کچھ ایسی پریشانیاں ہوتی ہیں جن کی طرف ان کا دھیان جاتا ہی نہیں ان میں سے ایک ہے بلیک ہیڈ کا مسئلہ ۔ بلیک ہیڈ کی وجہ سے جلد کی رنگت میلی میلی سی لگتی ہے ۔ دراصل یہ کالے رنگ کے چھوٹے چھوٹے بال ہوتے ہیں ۔ بلیک ہیڈ تمام نوعیت کی جلد پر ہو سکتے ہیں لیکن آئلی جلد کے ساتھ یہ مسئلہ کچھ زیادہ ہی ہوتا ہے ۔ اگر آپ بھی بلیک ہیڈ سے پریشان ہیں تو ان نسخوں کو آزما سکتی ہیں : –
…ایک چمچہ مکئی کا آٹا شہد میں ملائیں ۔ اس میں تھوڑا نمک اور کچھ بوندیں روغن زیتون ڈالیں ۔ تیار پیسٹ کا استعمال اسکرب کی طرح کریں ۔
…بلیک ہیڈس اور بے جان جلد کو ہٹانے میں بیکنگ سوڈا بھی کارگر ثابت ہوتا ہے ۔ پانی میں
بیکنگ سوڈا ملا لیں ۔ اس سے دو تین منٹ تک ہلکے ہاتھوں سے مساج کریں ۔ ایک منٹ تک چہرے پر لگا رہنے دیں ۔ بعد میں پانی سے دھو لیں ۔ دھیان دینے کی بات یہ ہے کہ چہرے پر ایک منٹ سے زیادہ بیکنگ سوڈا لگا رہنے سے جلد کو نقصان ہو سکتا ہے ۔
…نمک اور شہد ملا کر پیسٹ تیار کر لیں ۔ اسے ناک پر لگائیں۔ چاہیں تو اسے چہرے پر بھی لگا سکتی ہیں ۔ اس سے پانچ سات منٹ تک اسکرب کریں ۔ بعد میں پانی سے دھو لیں ۔ دھونے کے بعد ماشچرائزر ضرور لگائیں۔
…سنترے کے چھلکوں کو سکھاکر پیس لیں ۔ دودھ میں ملا کر پیسٹ تیار کر لیں ۔ اس سے اسکرب کریں ۔ چہرے پر پانچ دس منٹ تک لگا رہنے دیں اور گرم پانی سے دھو لیں ۔
…بلیک ہیڈس اور مہانسوں سے نجات حاصل کرنے کے لئے لیمو فائدہ مند ہے ۔ یہ کلنجر کے ساتھ ساتھ بلیچ کابھی کام کرتا ہے ۔ ایک لیمو کاٹ کر اس پر تھوڑا نمک چھڑک لیں ۔ اسے چہرے اور گردن پر تین چار منٹ تک ہلکے ہاتھوں سے ملیں ۔ اسکربنگ کے بعد چار پانچ منٹ تک چھوڑ دیں ۔ گرم پانی سے دھوکر ماشچرائزر لگائیں۔
…ایک چمچہ موٹا پسا چاول اور تھوڑی ہلدی کے ساتھ ضرورت کے مطابق لیموکا رس ملا کر پیک تیار کر لیں اور اسے بلیک ہیڈس والی جگہ پر لگائیں۔ سوکھ جانے پر گیلے ہاتھوں سے ہلکا ہلکا رگڑیں اور صاف پانی سے چہرہ دھو لیں ۔ اس پیک کا استعمال روزانہ کرنے سے کچھ ہی دن میں بلیک ہیڈس کا مسئلہ دور ہو جائے گا ۔…ایک چمچہ باریک پسی ہوئی دار چینی کو لیموکے رس میں ملا کر پیسٹ تیار کر لیں ۔ برابر استعمال سے بلیک ہیڈس کا مسئلہ ختم ہو جاتا ہے ۔
…بلیک ہیڈس سے نجات حاصل کرنے کے لئے مارکیٹ میں ملنے والے اچھی قسم کے لوشن کا ہی استعمال کریں ۔…ایک چمچہ پسے ہوئے بادام اور ایک چمچہ جو کے آٹے میں عرق گلاب ملا کر پیسٹ تیار کریں ۔ اسے کچھ دیر تک چہرے پر لگا رہنے دیں ۔ جب یہ سوکھ جائے تو ہلکے ہاتھوں سے رگڑ کر دھو لیں ۔