جسم کو چست درست اور عام بیماریوں سے دور رکھنے کے لئے ہیلدی فوڈ کی کافی اہمیت ہے ۔ اس کے علاوہ روزانہ ہلکی پھلکی ورزش بھی ضروری ہے ۔ تاکہ جو ہم ڈایٹ لیں اس سے حاصل توانائی کا پوراپورا استعمال بھی ہو تبھی ہم جسمانی طور پر فٹ رہ سکتے ہیں ورنہ اگر توانائی کی کھپت مکمل طور پر نہ ہو تو وہ بچی توانائی جسم میں فیٹ کی صورت میں جمع ہونے لگتی ہے اور کچھ عرصے کے بعد ہم اوور ویٹ کا شکار ہو جاتے ہیں ۔ یہیں سے شروع ہو جاتا ہے بیماریوں کے جال کا بننا ۔ اس لئے جسمانی فٹ نس کے لئے جتنا ہیلدی فوڈ ضروری ہے اتنا ہی اہم ہے توانائی کا خرچ ہونا ۔ ہیلدی فوڈ کے طور پر ہمیں اپنی ڈائٹ میں ہری سبزیوں کو ترجیح دینی چاہئے ۔ اس کے علاوہ سبزیاں چھیلنے کا بھی خاص خیال رکھنا چاہئے ۔ کیونکہ سبزیوں کو بہت موٹا چھلکااتارنے سے ان کے اندر موجود غذائیت نکل جاتی ہے ۔ ہو سکے تو سبزیاں کھرچ کر استعمال میں لائیں ۔ اس کے علاوہ کھانے میں سلاد کو ضرور جگہ دیں اور ہر موسم میں پھل کا استعمال کریں ۔ خاص طور موسمی پھلوں کا استعمال تو ہمارے لئے بہت ضروری ہو جاتا ہے ۔ کیونکہ پ
ھل میں ضروری توانائی بخش اجزاء کے ساتھ ہی کافی مقدار میں پانی بھی شامل ہوتا ہے جو جسم میں پانی کی کمی کو دور کرتا ہے ۔ ساتھ ہی فائبر والے فوڈ کو بھی ترجیح دینی چاہئے ۔ روٹی بنانے کا آٹا بہت زیادہ باریک پسا ہوا نہیں ہونا چاہئے ، اس میں چوکرضرور ہو ۔ تیزابیت کے مریضوں کو ٹھنڈا دودھ پینا چاہئے ۔ دو یا تین گھنٹے کے وقفے پر تھوڑا تھوڑا کچھ کھاتے رہنا چاہئے ۔ اس سے کھانا جلدی ہضم بھی ہو جاتا ہے اور نظام ہضم بھی درست رہتا ہے ۔