لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ چنہٹ واقع سوریہ لوک اپارٹمنٹ کی ساتویں منزل کے ایک فلیٹ میں شارٹ سرکٹ سے زبردست آگ لگ گئی۔ آگ کو بجھانے کے دوران گیس سلنڈر پھٹنے سے ایک پریس فوٹو گرافر سمیت فائر بریگیڈ محکمہ کے دو اہلکار اور ٹاٹا موٹرس کے فائر افسر جھلس گئے۔
آگ پر قابو پانے کیلئے درجن بھر سے زیادہ فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کی مدد سے چھ گھنٹے میں آگ پر قابو پایا جا سکا۔ چنہٹ تراہا وکلپ کھنڈ واقع سوریہ لوک نیو اپارٹمنٹ جی-۱کے بی بلاک کی ساتویں منزل میں فلیٹ نمبر ۷۰۸ میں سوربھ جیسوال کرایہ پر رہتے ہیں۔
جیسوال آئی ٹی فرم کمپنی کے مالک ہیں۔ جمعہ کی شام تقریباً تین بجے ان کی اہلیہ کچن میں کھانا پکا رہی تھی کہ اس دوران کمرے میں لگے اے سی میں شارٹ سرکٹ سے آگ لگ گئی جو دیکھتے ہی دیکھتے پورے کمرے میں پھیل گئی۔ جب تک ان کی اہلیہ کچھ سمجھ پاتیں آگ نے پورے کچن کو اپنی زد میں لے لیا۔ فوراً اس کی اطلاع پولیس اور فائر بریگیڈ کو دی گئی۔ موقع پر پہنچے اندرا نگر کے فائر بریگیڈ اہلکاروں نے آگ پر قابو پانے کی کوشش شروع کر دی لیکن پانی کی بوچھار بھی اس اپارٹمنٹ تک پہنچ نہیں پا رہی تھی۔
اسی دوران اندرا نگر فائر اسٹیشن میں تعینات فائر ڈرائیور رام کرشن سنگھ اور فائر مین اروند ساتویں منزل پر پہنچ گئے۔ پڑوسیوں کی مدد سے موٹر چلاکر پائپ سے آگ پر قابو پانے کی کوشش کی۔ اس درمیان وہاں پہنچا ایک اخبار کا فوٹو گرافر بھی موجود تھا۔ اچانک کچن کا ایل پی جی گیس سلنڈر تیز دھماکہ کے ساتھ پھٹ گیا جس کی زد میںآکر ڈرائیور رام کرشن سنگھ اور فائر مین اروند و پریس فوٹو گرافر محمد عمران اور ٹاٹا موٹرس کمپنی کے فائر افسر سومتر سنہا معمولی طور سے جھلس گئے۔ ایل پی جی گیس سلنڈر پھٹنے سے وہاں افرا تفری مچ گئی۔
بے قابو ہوتی آگ کو بجھانے کیلئے گومتی نگر فائر اسٹیشن کے علاوہ اندرا نگر ، ٹاٹا موٹرس اور ایچ اے ایل سے فائر بریگیڈ کی گاڑیاں بلانی پڑیں۔ اس دوران حضرت گنج فائر اسٹیشن سے ہائیڈرولک مشین بلائی گئی جس کے آنے کے بعد آگ پر چھ گھنٹوں میں قابو پایا جا سکا۔