لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ تعلیم کے دباؤ سے گزر رہی درجہ ۹ کی ایک طالبہ نے جمعہ کو پھانسی لگا لی۔ ایس او پارہ اشوک یادو نے بتایا کہ ڈپٹی کھیڑا میں رہنے والے وجے کمار محکمہ زراعت میں ڈرائیور ہیں ان کے کنبہ میں بیوی لکشمی، تین بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے۔ وجے کمار کی بیٹی ۱۴ سالہ شیکھا پارہ واقع سینٹ اینٹونی اسکول میںدرجہ ۹ کی طالبہ تھی۔ بتایاجاتا ہے کہ جمعہ کو شکھا نے اپنے کمرے کی چھت میں رسی کے سہارے لٹک کر خود کشی کر لی۔
گھر والوں کی نظر جب شکھا کی لاش پر پڑی تو ان لوگوں نے شور مچا دیا جسے سن کر مقامی لوگ مدد کیلئے جمع ہو گئے۔ اطلاع ملنے پر پارہ پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی۔ تفتیش کے دوران پولیس کو شکھا کے ہاتھ کا لکھا سوسائڈ نوٹ بھی ملا۔
سوسائڈ نوٹ میں شکھا نے پڑھائی کی وجہ سے خود کشی کرنے کی بات لکھی تھی اور گھر والوں سے اپنی محبت کا اظہار بھی کیا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ شکھا نے اس بار اپنا امتحان نہیں دیا تھا۔ تفتیش کے بعد پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔