ریاض۔ (ایجنسی)سعودی عرب نے ہندوستان سے سرخ مرچوں کی درآمد پر پابندی لگادی ہے۔سعودی حکومت نے یہ فیصلہ ہندوستان سے نمونے کے طور پر بھیجی گئی سرخ مرچوں کی کھیپ میں کیڑے مارادویہ کے زائد المقدار مضر اثرات کے پیش نظر کیا ہے۔دارال
حکومت الریاض میں ہندوستانی سفارت خانے میں تعینات سکنڈ سکریٹری برائے سیاست وتجارت سریندر بھگت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ”ہمیں سعودی وزارت زراعت کی جانب سے سرخ مرچوں کی۳۰مئی سے درآمد پر پابندی کے فیصلے سے آگاہ کردیا گیا ہے”۔مسٹر سریندر کا کہنا تھا کہ ہم اس مسئلہ کے حل کے لیے سعودی حکام سے رابطے میں ہیں۔سعودی وزارت زراعت کے ایک عہدے دار نے بتایا ہے کہ ہندوستان کی جانب سے حال ہی میں نمونے کے طور پر بھیجی گئی سرخ مرچوں کی کھیپ میں کیڑے مار ادویہ کی باقیات کی قابل قبول شرح سے زیادہ مقدار پائی گئی ہے۔
وزارت کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر صورت حال برقرار رہتی ہے تو پھر سعودی حکومت مستقبل قریب میں مزید اقدام کرے گی۔سعودی حکومت کے اس بیان کے بعد ہندوستان کے ادارہ برائے فروغ برآمدات مصنوعات خوراک وزراعت نے برآمدکنندگان کو ہدایت کی ہے کہ وہ سعودی عرب کے درآمدی تقاضوں کو پورا کریں اور اپنی مصنوعات کا برآمد کرنے سے پہلے ٹیسٹ کر لیا کریں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ مغربی ایشیا خطے کے طور پر ہمارے لیے بہت اہم ہے۔ہم سعودی عرب یا خطے کے کسی اور ملک کی جانب سے تعزیری مضمرات کا سامنا نہیں کرنا چاہتے ہیں۔اس لیے ہم نے اپنے ارکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی اشیاء کو برآمد کرنے سے پہلے ان کی اچھی طریقے سے جانچ کر لیا کریں۔ ہندوستان کے مسالہ جات بورڈ کا کہنا ہے کہ سرخ مرچ ملک کیلئے غیرملکی زرمبادلہ کمانے کا ایک بڑا ذریعہ ہے اور اپریل سے نومبر ۲۰۱۳ کے درمیان میں ہندوستان نے ۱۸۱۵۰۰ ٹن سرخ مرچیں برآمد کی تھیں اور ان سے تیس لاکھ ڈالرز زر مبادلہ کمایا تھا۔واضح رہے کہ اس سے پہلے یکم مئی کو یورپی یونین نے ہندوستان سے الفانسو آم اور چار سبزیوں کی درآمد پر پابندی لگا دی تھی۔تنظیم کی پلانٹ ہیلتھ سے متعلق کمیٹی نے یہ فیصلہ ۲۰۱۳کے دوران ہندوستان سے پھلوں اور سبزیوں کی ۲۰۷کھیپوں میں کیڑے مار ادویہ کے موجود زائد المقدار اثرات کے پیش نظر کیا تھا۔