غازی آباد (بھاشا) غازی آباد پولیس نے ضلع مجسٹریٹ سے تمام الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں ایک جگہ پر رکھنے کی اپیل کی ہے تاکہ ان مشینوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے۔
غازی آباد پولیس کا کہنا ہے کہ ریاست میں پارلیمانی انتخاب کے پیش نظر زیادہ ملازمین موجود نہیں ہیں۔ پولیس حلقوں سے معلوم ہوا ہے کہ غازی آباد کے تقریباً ۶۰فیصد پولیس ملازمین انتخابی گنتی پر تعینات کئے گئے ہیں جس کی وجہ سے تین الگ الگ مقامات پر رکھی گئی الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی حفاظت کے سلسلہ میں تشویش کا اظہار کیا جار ہا ہے۔موجودہ حالات میں اے وی ایم گوند پورم تھوک گیہوں بازار فوجی فلاحی مرکز اور گورنمنٹ مہیلا پالی ٹکنک سینٹر پر یہ مشینیں رکھی گئی ہیں۔ جس کی اترپردیش پی اے سی اور مقامی پولیس ملازمین ۲۴گھنٹے نگرانی کررہے ہیں۔غازی آباد کے سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ سچی تھنڈیال نے بتایا کہ ہم نے ضلع مجسٹریٹ سے تمام ای وی
ایم ایک ہی مقام پر رکھنے کی اپیل کی ہے تاکہ ان کی مناسب حفاظت کی جاسکے۔ انتخاب جاری ہے اور کئی پولیس ملازمین دوسرے اضلاع میں بھیجے گئے ہیں۔
ایس ایس پی نے کہا کہ اگر تمام ای وی ایم ایک مقام پر رکھی جائیں جو جگہ ضلع انتظامیہ متعین کرے ۔نام ظاہر نہ کرنے پر سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ غازی آباد میں پولیس ملازمین کی زبردست کمی ہے۔ اس لئے کہ ضلع کے ۶۰فیصد سے زیادہ پولیس ملازمین ان اضلاع میں تعینات کئے گئے ہیں جہاں انتخابات ہورہے ہیں۔فی الحال الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کا تحفظ انتظامیہ اور پولیس کے لئے تشویش کا سبب بنا ہواہے۔
حال ہی میں ضلع مجسٹریٹ ایس وی ایس رنگاراؤ نے الیکشن افسران سے اپیل کی تھی کہ گووند پورمیں واقع تھوک بازار میں ای وی ایم کو چوہوں سے بچایا جائے۔انہوں نے چوہے مارنے کے لئے مناسب بندوبست کرنے کے احکامات دیئے تھے۔ یادرہے کہ چوہے ان ای وی ایم کے تار اور الیکٹرانک سرکٹ کاٹ کر انہیں نقصان پہنچاسکتے ہیں۔غازی آباد نشست کے لئے پارلیمانی انتخاب ۱۰؍اپریل کو ہواتھا۔اس نشست پر بی جے پی کے وی کے سنگھ ’عاپ‘کی شازیہ علمی اور کانگریس کے راج ببر کے علاوہ ۱۲؍امیدواراپنی قسمت آزمائی کررہے ہیں۔