قومی اردو کونسل اردو عربی اور فارسی کے معیاری مسودات کو مالی تعاون دینے کے لیے پر عزم: پروفیسر خواجہ محمد اکرام الدین
کونسل کے زیر اہتمام دو روزہ ورکشاپ کا انعقاد
نئی دہلی۔12مئی، قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان، حکومت ہند ، نئی دہلی کے زیر اہتمام دو روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک کے
مختلف علاقوں سے کونسل کو موصول ہوئے مسودات پر مالی تعاون دینے کے سلسلے میں سنجید گی سے غورخوض کیا گیا۔ قومی اردو کونسل کے ڈائرکٹر پروفیسر خواجہ محمد اکرام الدین نے تمام مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ کونسل ہر سطح پر اردو عربی اور فارسی کے ادیبوں و قلمکاروں کی حوصلہ افزائی کرتی رہتی ہے
اور ان کے مسودات کو مالی تعاون دیتی آئی ہے۔امسال کونسل کو 187مسودات اردو ، عربی اور فارسی کے موصول ہوئے جنھیں ماہرین کی آرا کی روشنی میں مالی تعاون فراہم کیا جائے گا تاکہ اردو ، عربی اور فارسی کے قلمکاروں کی حوصلہ افزائی ہو سکے۔ مسودات کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ کونسل مالی تعاون دینے کے لیے تنقید ، تخلیق ،شاعری، افسانہ، ڈرامہ ، ناول اور دیگر اصناف کے ساتھ ساتھ بچوں کے ادب و جدید موضوعات پر بھی خاص توجہ دے رہی ہے۔
اس دو روزہ ورکشاپ میں اردو، عربی اور فارسی کے ماہرین نے شرکت کی جن میں پروفیسر ایس اے اشرفی، ڈاکٹر اعجاز علی ارشد، ڈاکٹر ناشر نقوی، پروفیسر صغیر افراہیم، پروفیسر ارتضٰی کریم، پروفیسر عتیق اللہ ، پروفیسر خالد محمود ، پروفیسر اختر حسین اور پروفیسر انور پاشا نے بھی شرکت کی اور اپنی آرا سے کونسل کو مستفید کی۔
ورکشا پ کے افتتاحی اجلاس میں کونسل کی اسسٹنٹ ڈائرکٹر (اکیڈمک) محترمہ شمع کوثر یزدانی، ریسرچ آفیسر جناب شاہنواز خرم، ڈاکٹر کلیم اللہ،ریسر چ اسسٹنٹ ڈاکٹرتوقیر راہی،ڈاکٹر قاسم انصاری، سید مجیب اور محترمہ مسر ت جہاں نے بھی شرکت کی۔
(رابطہ عامہ سیل)