نئی دہلی: ایک بھارتی سکالر نے 1971 کی جنگ میں اسرائیل اور ہندوستانی گٹھ جوڑ کا بھانڈا پھوڑتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیل نے 1971 کی جنگ میں ہندوستان کی مدد کی اور اسلحہ فراہم کیا۔ بھارتی اخبار کے مطابق ایک تھنک ٹینک کے رکن اور سکالر سری ناتھ راگھون نے یہ انکشاف اپنی کتاب میں کیا ہے۔ سری ناتھ نے لکھا ہے کہ 1971 میں اگرچہ بھارت اور اسرائیل کے درمیان سفارتی تعلقات قائم نہیں تھے چونکہ بھارت نے 1948 میں اسرائیل کو تسلیم کرنے کی بجائے عرب ممالک کی حمایت کی تھی تاہم اس وقت فرانس میں تعینات بھارتی سفیر ڈی این چٹرجی نے تعلقات نہ ہونے کے باوجود اسرائیل سے اسلحہ حاصل کرنے کا عمل شروع کیا اور وزیراعظم اندرا گاندھی نے ان کی اس تجویز کو فوری طور پر قبول کرتے ہوئے اسرائیلی اسلحہ حاصل کرنے کا گرین سگنل دیا اور خفیہ ادارے ”را” کو اس کی ذمہ داری سونپی۔ بھارتی سکالر کے مطابق اس وقت اسرائیل کے پاس ہتھیاروں کی کمی تھی تاہم بھارتی اپیل پر اس وقت کے اسرائیلی وزیراعظم گولدا میئر نے پاکستان کیخلاف اس جنگ میں نہ صرف بھارتی فوج بلکہ مکتی باہنی کو بھی ہتھیار فراہم کئے۔ گولدا میئر نے اندرا گاندھی کو خط لکھ کر خفیہ طریقے سے اسلحہ پہنچانے کی یقین دہانی کروائی۔