لکھنؤ۔(نامہ نگار)غازی پور علاقے کے رہنے والے ایچ اے ایل ملازم کے گھر کا تالا توڑ کر لاکھوں کے زیور اور نقدی چوری ہوگئے۔
جس وقت یہ واردات ہوئی ایچ اے ایل ملازم ایک شادی کے تقریب میں باہر گیا تھا۔ گوسائیں گنج علاقے میں چوروں نے بجلی محکمہ کے ایک ملازم کے گھر سے نقدی اور زیور بھی چوری کرلئے ۔ پولیس نے اس سلسلے میں رپورٹ درج کرلی۔غازی پور کے سرودے نگر کے رہنے والے سنجے شری واستو ایچ اے ایل میں چیف سپر وائزر ہیں ۔ سنجے کے ساتھ مکان میں ان کے بھائی ونے ماں موہنی بھابھی اور بھتیجے بھی رہتے ہیں۔
سنجے گذشتہ ۹مئی کو الہ آباد اپنی بہن کے یہاں گئے تھے جب گیارہ مئی کو وہ واپس لوٹے تو دیکھا کہ مکان کا تالا ٹوٹا ہے اندر جاکردیکھا تو سارا سامان بکھرا پڑا تھا۔ اطلاع ملنے پر غازی پور پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے تحقیقات کے بعد ڈاگ اسکوائڈ اور فنگر پرنٹ ٹیم کو بھی طلب کرلیا۔ تفتیش کے بعد پولیس نے چوری کی رپورٹ درج کرلی۔ کہا جاتا ہے کہ سنجے کے گھر سے لاکھوں کے زیورات اور نقدی چوری ہوگئے۔
دوسری طرف گوسائیںگنج کے رہنے والے شیشانک گپتا کے گھر پر چوروں نے دھاوا بول دیا۔
چور گھر کی پشت پر لگے پیڑ کے سہارے چھت پر چڑھے اور اندر گھس گئے ۔چار ہزار روپئے نقد اور زیورات چوری ہوگئے۔ صبح جب کنبے کے لوگ بیدار ہوئے تو انہیں چوری کی اطلاع ملی ۔ متاثرین نے گوسائیں گنج تھانے میں چوری کی رپورٹ درج کرادی۔