ممبئی: ماڈلنگ کی دنیا میں پہچان بنانے کے بعد بالی ووڈ میں بطور اداکارہ کیریئر شروع کرنے والی اداکارہ مگدا گوڈسے نے کہا ہے کہ میں اپنی آنے والی فلم ’’بے زبان عشق‘‘ میں ایک جنونی محبوبہ کا کردار ادا کررہی ہوں جو میرے لیے کسی بڑے چیلنج سے کم نہیں ہے۔یہ بات انھوں نے ایک بھارتی اخبار کو انٹرویو کے دوران کہی۔ مہاراشٹرن لڑکی جو فلم ’’نو رول فار فولز‘‘ میں پنجابی کڑی کا کردار نبھا چکی ہیں کا کہنا تھا کہ ’’بے زبان عشق‘‘ کے متعلق بہت کچھ لکھا جا چکا ہے۔ اس کے باوجود یہ کہنا ضروری سمجھتی ہوں کہ یہ محبت کے روایتی جذبات سے بھر پور نئی نسل کی لو اسٹوری ہے اور اس میں میرا کردار منطی نہیں ہے میں ایک ماڈرن لڑکی سوہانی کا کردار ادا کررہی ہوں۔ میرے لیے یہ انتہائی مشکل کردار ہے کیونکہ اب تک اپنی کسی فلم میں اس طرح کا کام نہیں کیا تھا، ’’ بے زبان عشق ‘‘ میں اس کردار کو نبھانے کے لیے ہالی ووڈ کی بے شمار فلموں کو دیکھا اور اب میں اس سے حقیقت میں لطف اندوز ہورہی ہوں۔مگداگوڈسے جو ان دنوں فلم کی شوٹنگ کے سلسلہ میں ساتھی اداکارہ سنہااولال اور اداکار نشانت کے ساتھ راجستھان میں ہونے کی وجہ سے بہت خوش ہیں کا کہنا تھا کہ اس سے قبل میں ایک دو دن کے لیے یہاں آئی تھی جس کی وجہ سے سیر و تفریح نہیں ہوسکی مگر اس مرتبہ اس جگہ کو دیکھنے کے لیے ایک ماہ کا شوٹنگ شیڈول
میرے لیے ایک بہترین موقع ہے اور جے پور کی تقریباً ہر جگہ کو دیکھ چکی ہوں۔ اگلے ہفتے شوٹنگ کے لیے راجستھان کے شہر جیسلمیر چلے جائیں گے جو ٹیلوں کی وجہ سے مشہور ہے۔ واضح رہے کہ 26 جولائی 1986 کو مہاراشٹرا کے شہر پونے میں ایک مڈل کلاس گھرانے میں پیداہونیوالی مگدا گوڈسے 26 جولائی 1986 نے ابتدائی دور میں سو روپے دیہاڑی پر کام بھی کیا اور جلد ہی مقامی طور پر ہونیوالے مقابلہ حسن میں حصہ لینے لگی۔2002 میں مگدا نے گلڈرگز میگاماڈل ہنٹ مقابلہ جیتا جب کہ 2004 میں فیمنا مسن انڈیا میں حصہ لیا اور نویں پویشن حاصل کی جس کے بعد وہ ممبئی منتقل ہوگئی اور ماڈلنگ شروع کردی اسی دوران اسے ایک اشتہار میں شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنے کا موقع بھی ملا۔ 2008 میں اداکارہ کی پہلی فلم فیشن سینما گھروں کی زینت بنائی گئی۔ مدھر بھنڈارکر کی ہدایات میں بنائی جانیوالی اس فلم میں مگدا کو پریانکا چوپڑا کنگنا رناوت اور ارباز خان کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا جس میں اس کی پرفارمنس کونہ صرف سراہا گیا بلکہ فلم فئیر کے بہترین اداکارہ کی ڈیوٹ ایوارڈ کے لیے بھی نامزد کیا گیا جس کے بعد اب تک وہ بالی ووڈ کی تقریباً 9 فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔