لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ تالکٹورہ تھانہ حلقہ میں موٹر سائیکل سوار بدمعاشوں نے لیسا ٹھیکیدار کو نشانہ بناتے ہوئے فائرنگ کی لیکن حملہ میں ٹھیکیدار بال بال بچ گیا۔
وہیں بدمعاشوں کے ذریعہ چلائی گئی گولیاںٹھیکیدار کی کار پر لگیں۔
دوسری جانب گولی چلنے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی۔ گومتی نگر کے رہنے والے گورو سنگھ لیسا میں ٹھیکیداری کرتے ہیں۔ گورو کے مطابق منگل کی شام وہ تالکٹورہ کے ایم ایس آئی چوراہے پر زیر زمین کیبل ڈالنے کا کام کروا رہے تھے۔ ان کے ساتھ معاون راجیش سنگھ اور ملازم شیو نرائن و دیپک موجود تھے۔ تبھی دو موٹر سائیکلوں پر چار لوگ وہاں آئے اور انہیں نشانہ بناتے ہوئے فائرنگ شروع کردی۔ حملہ آوروں کے ذریعہ گولیاں چلائے جانے پر وہ کار کے پیچھے ساتھیوں کے ساتھ چھپ گئے۔ ادھر کئی راؤنڈ فا ئر ہونے پر مقامی لوگ موقع پر جمع ہونے لگے۔ جس کے بعد بدمعاش فرار ہو گئے۔ معاملہ کی اطلاع تالکٹورہ پولیس کو دی گئی۔
موقع پرپہنچی پولیس نے تفتیش شروع کردی۔ ایس او تالکٹورہ ونود مشرا نے بتایا کہ گورو کے ذریعہ عیش باغ کے رہنے والے نسیم احمد اور نعیم احمد پر شک ظاہر کیا گیا ہے۔ ایس او کی مانیں تو گورو سنگھ کا نعیم اور نسیم سے زمینی تنازعہ چل رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ابتدائی تفتیش میںمعاملہ باہمی رنجش کا معلوم ہو رہا ہے لیکن پولیس مزید جانچ کر رہی ہے۔
دوسری جانب گورو کاکہنا تھا کہ نعیم اور نسیم کی ایک رشتہ دار سے اس کی دوستی ہے اسی رشتہ دار سے نعیم اور نسیم کا زمینی تنازعہ ہے۔ گورو کے مطابق اپنے شناساکی مدد کرنے پر نعیم و نسیم نے اس سے دشمنی لے لی۔