لکھنؤ(نامہ نگار)سرِ شام علی گنج علاقہ میں ڈاکٹر کے گھر کے گیٹ کا تالا توڑ کر لاکھوں کے زیورات سمیت قیمتی سامان چوری ہو گیا۔
موصول اطلاع کے مطابق علی گنج کے تروینی نگر میں رہنے والے ڈاکٹر ایس اے صدیقی روز کی طرح اپنی کلینک گئے ہوئے تھے۔ مسٹر صدیقی کی اہلیہ رخسانہ اوران کے دو بچے گھر میں تھے۔ دوشنبہ کی شام رخسانہ دونوں بچوں کے ساتھ گھر سے نکلیں اور گیٹ میں تالاڈال کر اپنے جیٹھ سراج کے گھر چلی گئیں۔
سراج ان کے مکان سے کچھ ہی فاصلے پر رہتے ہیں۔ رات دس بجے کے قریب جب رخسانہ گھر آرہی تھی تو انہوں نے دور سے اپنے گھر کا گیٹ کھلا دیکھا جب تک وہ کچھ سمجھ پاتیں اتنی ہی دیر میں ان کے گھر سے دو لوگ چادر میں سامان باندھ کر باہر نکل رہے تھے۔ جنہیں دیکھ کر رخسانہ نے شور مچانا شروع کر دیا۔ شور سن کر مقامی لوگ جمع ہو گئے پکڑے جانے کے ڈر سے چوروںنے چادر میں لپٹا سامان تو وہیں چھوڑ دیا لیکن زیورات سے بھرا تھیلا لے کر فرار ہو گئے۔
رخسانہ نے فون کر کے اس بات کی اطلاع ڈاکٹر صدیقی کو دی۔ تھانہ پہنچ کر ڈاکٹر صدیقی نے چوری کا معاملہ درج کرایا۔
مسٹر صدیقی نے بتایا کہ گیٹ کا تالا توڑ کر چور گھر کے اندر داخل ہوئے اور بیڈ میںرکھی الماری کی کنجی نکال کراس میں رکھے سارے زیورات چوری کر لئے۔ مسٹر صدیقی کے مطابق تقریباً ۷لاکھ روپئے کے زیورات چوری ہوئے ہیں۔ ڈاکٹر کی تحریر پر پولیس نے معاملہ درج کر لیا ہے۔ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ انہیں جن لوگوں پر شک ہے پولیس ان کی تلاش کر رہی ہے۔