ممبئی ۔آئی پی ایل کے فائنل میچ کے مقام کو تبدیل کرنے کو لے کر پیدا ہوئے تعطل نے آج اس وقت نیا موڑ لے لیا جب لیگ کے چیئرمین رنجیب بسوال نے ایم چنا سوامی اسٹیڈیم بنگلور سے واپس وانکھیڑے اسٹیڈیم میں خطابی مقابلہ کروانے کے لئے کچھ شرائط رکھ کر گیند ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن کے پالے میں ڈال دی ۔ایم سی اے کے احتجاجی خط کا بسوال نے آج جواب دیا جس میں انہوں نے واضح طور پر کچھ شرائط کا ذکر کیا ہے ۔ایم سی اے نائب صدر روی ساونت نے پی ٹی آئی سے کہاہمیں رنجیب بسوال کا خط ملا ہے لیکن فائنل کی میزبانی کے لئے کچھ شرائط رکھی گئی ہے ۔ ہم نے ان شرائط پر بات چیت کے لئے انتظام کمیٹی کی میٹنگ بلائی ہے ۔
بسوال نے بھی پی ٹی آئی سے خط بھیجنے کی تصدیق کی لیکن انہوں نے اس کے بارے میں تفصیل سے نہیں بتایا ۔قابل اعتماد ذرائع کے مطابق اہم شرط یہ رکھی گئی ہے کہ بی سی سی آئی کو ہاسپٹیلٹی باکس کے زیادہ تر کے پاس چاہئے کیونکہ ان کے دنیا بھر کے کئی ہائی پروفائل مہمان میچ دیکھنے کیلئے آ رہے ہیں ۔ان میں یو اے ای حکومت کے کچھ وزیر بھی شامل ہیں جنہوں نے ٹورنامنٹ کا پہلا مرحلہ اپنے ملک میں کروانے میں مدد کی تھی ۔ہاسپٹیلٹی باکس کے زیادہ پاسوں کو دینے کا مطلب ہے کہ ایم سی اے اگر واپس فائنل کی میزبانی چاہتا ہے تو اسے اپنے حصے کے پاس دینے ہوں گے ۔
ایک اور شرط ممبئی پولیس سے دس بجے کے بعد پٹاخے چھوڑنے اور زور سے موسیقی بجانے کی اجازت مانگنا شامل ہے کیونکہ ریاستی حکومت کے احکامات کی وجہ سے ایسا کرنے کی اجازت نہیں ہے ۔ کچھ دیگر شرائط میں اسٹیڈیم میں مفادات کے ٹکراؤ والے اشتہار نہیں لگانا ، کار پارکنگ کا 85 فیصد بی سی سی آئی کو دینا اور ایم سی اے کو محدود تعداد میں تسلیم خط دینا شامل ہے ۔ساونت نے کہا کہ اجلاس کل ہو گا لیکن یہ طے نہیں ہے کہ یہ ایم سی اے دفتر میں ہوگی کیونکہ بدھ پورنیماکی وجہ سے کل چھٹی رہے گی۔اس سے پہلے آئی پی ایل آپریشن کونسل نے ایم سی اے کے احتجاجی خط پر فیصلہ ٹال دیا تھا ۔عبوری بی سی سی آئی آئی پی ایل صدر سنیل گواسکر نے بی سی سی آئی کے صدر دفتر کے باہر انتظارکررہے صحافیوں سے کہا آج کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ۔ گواسکر نے اگرچہ یہ انکشاف نہیں کیا کہ آپریشن کونسل کب اس پر آخری فیصلہ کرکے تنازعہ ختم کرے گا ۔آپریشن کونسل کے بغیر کسی خاص وجوہات کے فائنل میچ کا مقام تبدیل کرنے کے فیصلے سے ناراض ایم سی اے صدر شرد پوار نے بورڈ کو احتجاجی خط لکھا تھا ۔پوار نے آئی پی ایل آپریشن کونسل اور تمام بی سی سی آئی کے ارکان کو خط لکھ کر جاننا چاہا تھا کہ آخر کن وجوہات سے فائنل پہلے سے مقرر مقام سے ہٹا کر بنگلور کے سپرد کیا گیا ۔