ممبئی: سیف علی خان کو بالی ووڈ میں منفرد کرداروں کی ادائیگی کے حوالے سے جانا جاتا ہے اس حوالے سے وہ کسی بھی قسم کا روپ دھارنے کے لئے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں، ایسا ہی ہوا اس وقت جب وہ پہلی مرتبہ ایک عورت کے روپ میں اپنی بیوی کرینہ کپور کے سامنے آئے تو شوہر کی نسوانیت دیکھ کر ان کی ہنسی ہی نہ رک سکی۔ سیف علی خان ہدایت کار ساجد خان کی آنے والی فلم مزاحیہ فلم ’’ہمشکلز‘‘ میں جلوہ گر ہورہے ہیں، فلم کی عکس بندی کے دوران ایک مرتبہ سیف علی خان کی اداکارہ بیوی کرینہ کپور بھی شوٹنگ کے مقام پر جا پہنچیں جہاں ان کے شوہر نامدار ایک خاتون کے روپ میں سین پکچرائز کروارہے تھے۔ کرینہ نے پہلی مرتبہ سیف کو زنانہ روپ میں دیکھا تو سمجھ ہی نہ پائیں اور جب انہوں نے پہچانا تو پھر کرینہ کپور ہنستے ہنستے لوٹ پوٹ ہوگئیں۔ ہنستے ہنستے ہی انہوں نے اپنے شوہر کی زنانہ تصاویر اتارنا شروع کردی کیوں کہ بیگم کے ساتھ دوسرے لوگوں کو بھی تو ان کے حلیے پر ہنسنے کا حق ہے نا۔واضح رہے کہ فلم ’’ہمشکلز‘‘ میں سیف علی خان کے ساتھ رتیش دیش مکھ اور رام کپور بھی اداکاری کے جوہر دکھارہے ہیں فلم کی خاص بات تینوں اداکاروں کا خواتین کے روپ میں نظر آنا ہے۔ یہ فلم 20 جون کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔