لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ پارلیمانی انتخاب کی ووٹ شماری کی ماقبل شام سماج واد پارٹی نے انتخابی نتائج کو معلوم کرنے کیلئے پارٹی کے دفتر میں دو ٹی وی سیٹ لگائے ہیں۔
انتخابی نتائج کو دیکھنے کی بے چینی آج دن بھر پارٹی صدر دفتر میں دیکھنے کو ملی۔ حالانکہ پارٹی دفتر میں کوئی اہم لیڈر موجود نہیں تھا۔
پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو دہلی میں ہیں۔ سماج وادی پارٹی کے دہلی دفتر میں ملائم سنگھ یادو کے ساتھ پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری ، ترجمان پروفیسر رام گوپال یادو سمیت دیگر عہدیداران موجود رہیں گے۔ اس کے علاوہ پارٹی کے ریاستی صدر، وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو اپنی سرکاری رہائش گاہ پرانتخابی نتائج کو دیکھیں گے۔
دوسری جانب پارٹی کے سینئر لیڈر شیو پال سنگھ یادو اٹاوہ میں انتخابی نتائج پر نظر رکھیں گے۔ پارلیمانی انتخابات کے نتائج کو معلوم کرنے کیلئے پارٹی کے لیڈران اور کارکنان میں بے چینی کے ساتھ جوش بھی ہے۔ پارٹی کے کارکنان اور عہدیداران کو عوام کے فیصلہ کا انتظار ہے اس کے علاوہ پارٹی کے کارکنان اور لیڈر ایگزٹ پول کو بھی غلط بتا رہے ہیں۔
سماج وادی پارٹی پارلیمانی انتخابات سے قبل ٹی وی چینلوں پر انتخابی جائزوں کو غلط بتا چکے ہیں۔ پارٹی ترجمان راجندر چودھری انتخابی جائزہ کو فرضی بتا رہے ہیں جبکہ وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو انتخابی نتائج کا انتظار کرنے کی صلاح دے چکے ہیں۔