لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ پارلیمانی انتخاب میں اترپردیش میں ۸۰؍ارکان پارلیمنٹ میں سے صرف گزشتہ پارلیمنٹ کے ۱۵؍ارکان پارلیمنٹ ہی دوبارہ کامیاب ہوکر پارلیمنٹ میں پہنچے۔ ملک میں مودی لہر کا ہی اثر تھا کہ گزشتہ پارلیمنٹ کے بی جے پی کے دس ارکان پارلیمنٹ میںسے موجودہ انتخاب میں صرف ۹ لوگوں کو ٹکٹ ملا تھا۔ ان میں سے ۸ ؍امیدوار انتخاب میں کامیاب ہو گئے۔ بی جے پی ارکان پارلیمنٹ میں سے صرف رما کانت یادو کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ واضح رہے کہ رما کانت یادو نے سماج وادی پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو کو شکست دی تھی۔ ان کے علاوہ بی جے پی کے ۸؍ارکان پارلیمنٹ کو کامیابی حاصل ہوئی اس کے علاوہ کانگریس کو چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہونے والے جگدمبیکا پال ڈمریا گنج سے اور برج بھوشن شرن سنگھ قیصر گنج سے کامیاب ہو گئے۔ کانپور سے بی جے پی کے سینئر لیڈر مرلی منوہر جوشی منتخب ہو گئے ہیں۔ اس کے
علاوہ میرٹھ سے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ راجندر اگروال، آگرہ سے رام شنکر کٹھیریا ، پیلی بھیت سے مینکا گاندھی، سلطانپور سے ورون گاندھی، گورکھپور سے یوگی آدتیہ ناتھ، بانس گاؤں سے کملیش پاسوان بھی کامیاب ہو گئے۔ اس کے علاوہ رائے بریلی سے کانگریس پارٹی کی صدر سونیا گاندھی اور امیٹھی سے راہل گاندھی کو کامیاب قرار دیا گیا۔ راشٹریہ لوک دل کے تمام ارکان پارلیمنٹ کو مودی لہر کے سبب ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ راشٹریہ لوک دل کے صدر چودھری اجیت سنگھ اور ان کے بیٹے جینت چودھری کو بھی شکست کا سامنا کرنا پڑ۔اس کے علاوہ بی ایس پی کے بیس ارکان پارلیمنٹ کو بھی کامیابی نہیں ملی۔