لکھنؤ(بیورو)بی جے پی کے قومی صدر اور لکھنؤ کے نو منتخب رکن پارلیمنٹ راج ناتھ سنگھ نے بی جے پی دفتر پر استقبالیہ تقریب میں کہا کہ یہ پہلا موقع ہے جب ۱۹۸۴ء کے بعد بی جے پی نے کانگریس کے ریکارڈ کو توڑتے ہوئے نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔
اس موقع پر انہوں نے اترپردیش میں غیر معمولی کامیابی کیلئے بی جے پی کے ریاستی صدر ڈاکٹر لکشمی کانت باجپئی کے سر سہرا باندھتے ہوئے کہا کہ یہ میری نہیںبلکہ آپ سب کی جیت ہے۔ راج ناتھ سنگھ نے پوری ریاست کے بوتھ سطح سے لے کر سبھی کارکنوں اور عہدیداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں زبردست مایوسی کا ماحول تھا ایسے وقت میں عوام نے نریندر مودی کی قیادت والی بی جے پی کو غیر معمولی اکثریت سے کامیابی دلائی ہے۔
اب بی جے پی عوام میں اعتماد قائم کرے گی اور ایک خوشحال ہندوستان کی تعمیر کرے گی۔
اس موقع پر انہوں نے لکھنؤ کے کارکنوں سے کہا کہ میں جلد ہی دوبارہ لکھنؤ آکر سبھی کے ساتھ بیٹھ کر لکھنؤ کی ترقی کے کاموں کامنصوبہ بناؤںگا۔ ریاستی صدر ڈاکٹر لکشمی کانت باجپئی نے راج ناتھ سنگھ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن اترپردیش کی سیاسی تاریخ کے فخر کا دن ہے۔
پروگرام کی نظامت سوتنتر دیو سنگھ نے کی۔ اس موقع پر خصوصی طور سے سینئر رہنما لال جی ٹنڈن، ریاستی نائب صدر شیو پرتاپ شکلا، ہریدوار دوبے، گوپال ٹنڈن، ریاستی جنرل سکریٹری پنکج سنگھ، ریاستی سکریٹری انوپ گپتا، ڈاکٹر سمیر سنگھ، ریاستی ترجمان ڈاکٹر منوج مشر، ڈاکٹر چندر موہن، ریاستی میڈیا انچارج منیش شکلا، سریش تیواری، انجنی شریواستو، اودھیش گپتا اور چھوٹو سمیت سیکڑوں کارکنان موجود تھے۔