لکھنؤ(نامہ نگار)پولیس کی لاکھ بیداری کے باوجود بھی لوگ ٹریف قوانین کو لے کر بیدار ہوتے نہیںنظر آرہے ہیں۔ موٹرسائیکل جیسی سواری پر دو کی جگہ لوگ تین ، چار اور کبھی پانچ لوگوں کو بٹھا کر زندگی کو خطرہ میں ڈال رہے ہیں۔ ایسا ہی ایک حادثہ جمعہ کو گوسائیں گنج علاقہ میں ہوا یہاںگنگا گنج علاقہ میں ایک موٹرسائیکل پر دوبچوں سمیت پانچ افراد سوار کو ہر بارہ بنکی جا رہے تھے راستے میں ٹرک نے انہیں ٹکر ماردی ۔ اس حادثہ میں ماں اور اس کے دو معصوم بچوں کی موت ہو گئی جبکہ دیور رشتہ کی نند زخمی ہوگئی۔
گوسائیں گنج کے کبیر پور گاؤں کے ارجن جمعہ کی دوپہر اپنی بھابھی ۳۲سالہ کسما ، اس کے دو معصوم بچوں چارسالہ سچن، ڈیڑھ سالہ سنینا اور خالہ زاد بہن تنو کے ساتھ ایک موٹرسائیکل پر سوار ہو کربارہ بنکی کے حیدر گڑھ ایک رشتہ داری میں جا رہے تھے۔ بتایاجاتاہے کہ ارجن جب گنگا گنج کے نزدیک پہنچے تو سامنے سے آرہے ٹرک نے انہیں ٹکر مار دی اس حادثہ میں کسما اور اس کے دونوں معصوم بچوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ جبکہ تنو اور ارجن زخمی ہو گ
ئے۔
حادثہ کے بعد مقامی لوگ مدد کیلئے جمع ہو گئے اطلاع ملنے پر پہنچی گوسائیں گنج پولیس نے دونوں زخمیوں تنو اور ارجن کو علاج کیلئے کمیونٹی ہیلتھ سینٹر میں داخل کرایا جہاں تنو کی حالت سنگین بتائی جا رہی ہے۔ پولیس نے تفتیش کے بعد کسما اور اس کے دونوں معصوم بچوں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔ حادثہ کے بعد ملزم ڈرائیور موقع پر ہی ٹرک چھوڑ کر فرار ہو گیا۔ پولیس نے ٹرک کو اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔