لکھنؤ(نامہ نگار)۱۶ویں پارلیمانی انتخابات میںبی جے پی کو ملی یکطرفہ کامیابی کی خوشی میں جمعہ کو بی جے پی دفتر پر پارٹی کے رہنما اور حامیوں نے آتش بازی کے ساتھ رقص کیا اور شیرینی تقسیم کی۔ راجدھانی میں ودھان سبھا روڈ پر واقع بی جے پی کے ریاستی دفتر پر صبح سے ہی ایل ای ڈی کی بڑی اسکرین لگائی گئی تھی۔
سیکڑوں کی تعداد میں یہاں جمع پارٹی کے حامی اور رہنما ۱۶ویں پارلیمانی انتخابات کے نتائج دیکھ رہے تھے۔ حالانکہ صبح دس بجے سے ہی نتیجے بی جے پی کے حق میں آگئے تھے اس خوشی میں بی جے پی حامیوں نے پارٹی دفتر اور اس کے مین گیٹ پر پٹاخے داغے ، مٹھائیاں تقسیم کیں اور رقص کیا۔ سبھی ریاستوںمیں بی جے پی کے کارکن اور رہنما اسکرین پر خوشیوں کا اظہار کرتے نظرآرہے تھے۔ انہیں دیکھ کر راجدھانی کے لوگ بھی پُر جوش ہو کر خوشی کے ماحول میں ڈوب گئے۔
دوسری جانب پارلیمانی انتخابات کی ووٹ شماری کے دن جمعہ کو ابتدائی رجحان سے ہی پیچھے رہی سماجوادی پارٹی میں انتخابی نتائج کو لے کر سخت مایوسی ہے۔
سماجوادی پارٹی ہی نہیں بلکہ کسی کو بھی پوری ریاست میں ایسے نتائج کی امید نہیں تھی۔ ۲۰۱۲ء کے اسمبلی انتخابات میں زبردست اکثریت کے ساتھ اقتدار میں آئی سماجوادی پارٹی نے پارلیمانی انتخابات میں زبردست انتخابی مہم سے لے کر امیدواروں کو مضبوطی سے لڑانے کا کام کیا۔
لیکن پارلیمانی انتخابات یکطرفہ طور پر بی جے پی کے حق میں رہنے سے پارٹی کارکنوںمیں مایوسی کا ماحول ہے اس کا نظارہ جمعہ کو سماجوادی پارٹی کے دفتر پر بھی نظر آیا۔ صبح تقریباً ۸بجے ووٹ شماری ہونے سے قبل دفتر کے اندر اور باہر ہلچل تھی لیکن رجحان سے پتہ چلا کہ بی جے پی آگے بڑھ رہی ہے تو ایس پی دفتر کے اندر اور باہر سناٹا طاری ہو گیا۔ حالت یہ رہی کہ کوئی بھی بڑا رہنما پارٹی دفتر نہیں پہنچا اور گھروں میں ہی انتخابی نتائج پر نظررکھے رہے۔