رانچی ۔آئی پی ایل سات میں بھاری اتار چڑھائو سے گزر رہی رائل چیلنجرس بنگلور کے کپتان وراٹ جب آج چنئی سپر کنگس کے سامنے اگلے مقابلے کے لئے اتریں گے تو ان کے لئے مخالف ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی کے گھریلو میدان پر جیت درج کرنے کے ساتھ ٹورنامنٹ میں اپنے امکانات کو بھی برقرار رکھنا ہوگا ۔خراب فارم سے گزر رہے بنگلور کے کپتان وراٹ کوہلی ان دنوں بلے بازی میں کوئی کمال نہیں دکھا پارہے ہیں اور ان کی ٹیم 10 میچوں میں چھ ہاری ہے اور چار جیت کر چھٹے نمبر پر ہے ۔ لیکن پلے آف تک پہنچنے کے لئے اس کا سیدھا مقابلہ چوتھے نمبر کی کولکاتا اور پانچویں نمبر کی حیدرآباد سے ہے جو اس سے فی الحال بہترہے۔دوسری جانب چنئی سپر کنگز کی ٹیم ہمیشہ کی طرح چوٹی کی ٹیموںمیں ہے اور دھونی کی قیادت میں ٹیم نے اب تک 10 میں سے آٹھ میچ جیتے ہیں اور وہ دوسرے نمبر پر ہے ۔
اس کے علاوہ دھونی کے گھررانچی میں دوسرا مقابلہ ہے اور اس کا بھی انہیں فائدہ ملنا طے ہے جبکہ بنگلور کے پاس آئندہ تینوں میچوں میں جیت کے علاوہ اور کوئی چارہ نہیں بچا ہے ۔ اگرچہ بنگلور کے لئے راحت کی بات یہ ہے کہ اس کے سب سے اہم کھلاڑی اور آل راؤنڈر یوراج سنگھ فارم میں واپس لوٹ آئے ہیں اور انہوں نے دہلی کے خلاف گزشتہ میچ میں نو چھکے اور ایک چوکا لگاکر ناٹ آئوٹ 68 رنز کی یادگار اننگز کھیلی تھی ۔اس لئے یوراج سے ایک بار پھر چنئی جیسی مضبوط ٹیم کے سامنے ایک بار پھر اسی طرح کے کمال کی امید کر رہے ہیں ۔ یوراج نے گزشتہ 10 میچوں میں 295 رنز بنائے ہیں اور وہ سب سے زیادہ رن بنانے والے بلے بازوں میں ابھی 11 ویں نمبر پر ہیں۔اگرچہ وراٹ کی فارم اب بھی تشویش کی وجہ بنی ہوئی ہے ۔ وراٹ نے گزشتہ 10 میچوں میں 154 رنز بنائے ہیں اور ایک بار بھی نصف نہیں لگائی ہے جبکہ وہ تین بار تو صفر پر آؤٹ ہوئے ہیں ۔وراٹ کا بھلے ہی خیال ہے کہ انہیں فارم میں واپسی کے لئے صرف ایک ہی میچ کی ضرورت ہے لیکن یہ کب ہوگا اس پر شک بنا ہوا ہے ۔وراٹ کے علاوہ کرس گیل،پارتھیو پٹیل اور اے بی ڈی ولئرس سے بھی بہتر بلے بازی کی امید کی جا سکتی ہے ۔ لیکن گیل نے بھی اس بار ٹورنامنٹ میں ویسا کمال نہیں کیا ہے جس کے لئے وہ مشہور ہے ۔گیل نے ٹیم کے لیے چھ میچوں میں صرف 130 رنز ہی بنائے ہیں اور اس میں 38 رنز کی ہی سب سے زیادہ اننگز کھیلی ہے ۔ نازک حالت میں کھڑی بنگلور کیلئے گیل اور وراٹ کی خراب فارم فکر کی بڑی وجہ ہے ۔ دوسری جانب اس کا سامنا چنئی جیسی ٹیم سے ہے جس میں کپتان دھونی کی شکل میں شاندارفنیشرموجود ہے ۔ چنئی نے راجستھان کے خلاف پچھلا میچ رانچی میں ہی کھیلا تھا اور پانچ وکٹ سے جیت درج کی تھی ۔اس میچ میں بھی دھونی نے ناٹ آئوٹ 26 رن بنا کر ٹیم کو جیت دلائی تھی ۔ٹیم میں زخمی ڈیون براوو کے مقام پر آسٹریلوی بلے باز ڈیوڈ ہسی کے ٹیم میں شامل ہونے سے ایک بڑی تبدیلی ضرور چنئی میں آئی ہے ۔ ہسی کے پاس آئی پی ایل میں پہلے بھی کھیلنے کاتجربہ رہا ہے اور وہ کے کے آر کے لئے 23 اور پنجاب کے لئے 36 میچ کھیل چکے ہیں ۔ڈیوڈ سے پہلے مائیکل ہسی بھی چنئی کا حصہ رہ چکے ہیں۔چنئی کے پاس دھونی ،ڈیوڈ ،ڈیون اسمتھ ،برنڈنمیکلم، سریش رینا،فاف ڈو پلیسس اور آل راونڈر رویندر جڈیجہ کے طور پر بہترین کھلاڑی ہیں جبکہ گیند بازوں میں اس کے پاس روچندرن اشون،موہت شرما ،ایشورپانڈے اور سیموئل بدری کی شکل میں مضبوط آرڈر ہے ۔دوسری جانب بنگلور کے عظیم اسپنر متھیا مرلی دھرن ،اسٹارک، ابو نیچم ،یجویندر چہل پر بولنگ کا دباؤ رہے گا تاکہ وہ چنئی کے مضبوط بلے بازوں کو رنز کا پہاڑ لگانے یا اسکور کا پیچھا کرنے سے روک سکیں ۔