بھاگلپور(بہار): موسم کے موافق نہ ہونے کی وجہ سے اس سال ضلع بھاگلپور میں آم کی پیداوار امید سے کم ہونے کا امکان ہے۔دودھیا مالدہ، زردالو اور بمبئی آم کے لئے مشہور بھاگلپور ضلع کے کئی ضلعوں میں آم کے فصلوں میں گراوٹ ہونے سے اس بار لوگوں کو آم کا ذائقہ کم ملنے کا اندیشہ ہے۔ ایگری کلچر یونیورسٹی سبور کے سائنسداں ڈاکٹر یو ایس جیسوال نے بتایا کہ اس سال آم کی فصل کے لئے موسم سازگار نہ رہنے کی وجہ سے اس کے منجر مختلف بیماریوں کی زد میں آگئے ہیں۔انہو ںنے بتایا کہ اس کے علاوہ کسان باقاعدہ طور پر آم کے درختوں کو کھاد اور پانی بھی نہیں دیتے ہیں۔مسٹر جیسوال نے کہاکہ آم کی اچھی پیداوار والے علاقے اس ضلع کے کہلگاؤں، پیر پینتی، سبور، سلطان گنج اور ناتھ نگر میں اس بار گزشتہ برس کے مقابلے میں 20 فیصد بھی آم نہیں آئے ہیں۔سلطانپور میں للت پور کے آم کی فصل پیدا کرنے والے پروین کمار نے بتایا کہ بیشتر باغوں میں آم کے درختوں میں منجر تک نہیں آئے جس کی وجہ سے پیداوار کم ہونے کا اندیشہ ہے۔