کانپور (نامہ نگار)شہر میں دو الگ الگ ٹرک حادثات میں ایک لڑکی سمیت تین کی موت ہوگئی۔پہلے حادثہ میں ٹرک کا شکار ایک بینک افسر بنے جبکہ دوسرے حادثہ میں باپ اور بیٹی کی موت ہوگئی۔دونوں حادثات کے ذمہ دار ٹرک ڈرائیوروں کو گرفتار کرلیاگیا ہے۔ پولیس ترجمان نے بتایا کہ پہلا حادثہ جھکرکٹی پل کے نیچے ہواجہاں ایک بار بے قابو ٹرک نے شیوم نگر کے رہنے والے ۴۵ سالہ ونود پانڈے موٹرسائیکل کو پشت سے ٹکر ماردی۔جس کی وجہ سے موقع پر ہی ان کی موت ہوگئی۔پانڈے سروپ نگر میں واقع ایک سرکاری بینک میں علاقائی افسر تھے اور بینک سے واپس آرہے تھے۔ ٹرک ڈرائیور ٹکر مارنے کے بعد تیزی سے بھاگا۔اور قریب کی باباپوروا کالونی میں گھس گیا اور متعدد مکانوں کی بجلی کے تار توڑ دیئے۔ محلہ کے لوگوں نے کسی طرح ٹرک ڈرائیور کو ٹرک کے ساتھ پکڑ لیاتو پتہ چلا کہ وہ شراب کے نشہ میں بدمست تھا۔محلہ والوں نے پہلے تو ٹرک ڈرائیور
کی پٹائی کی پھر پولیس کے حوالہ کردیا۔دوسرا حادثہ پنکی علاقہ میں ہوا۔رتن پور علاقہ میں رہنے والے ۴۶سالہ سیا رام اپنی ۱۱سالہ بیٹی سواتی کو اس کے اسکول سے لے کر گھر واپس آرہے تھے۔پنکی پولیس چوکی کے سامنے ایک ٹرک نے ان کی موٹرسائیکل کو سامنے سے ٹکر ماردی جس کی وجہ سے باپ اور بیٹی سڑک پر گر پڑے۔لڑکی سواتی کی ٹرک کے نچیے آجانے کی وجہ سے موقع پر ہی موت ہوگئی۔جبکہ اس کا باپ سیارام سنگین طور پر زخمی ہوگیاتھا۔اسے اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قراردیا ۔موقع پر موجود لوگوں نے ٹراک ڈرائیور کو پکڑ کرپولیس کے حوالہ کردیا۔ پولیس نے ٹرک بھی ضبط کرلیا۔ پولیس افسران معاملے کی تفتیش کررہے ہیں اور تینوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا گیا ہے۔