لال گنج،رائے بریلی(نامہ نگار) شہر میں بے ضابطگیوں کے خلاف بھارتی کسان یونین نے محاذ کھول دیا ہے۔
اس سلسلے میں یونین کے کارکنان نے نگر پنچایت دفتر کے سامنے دھرنا ومظاہرہ کیا۔ واضح رہے کہ ایک ہفتے قبل کسان یونین نے شہر میں بدنظمی ،گندگی،پانی جمع ہونے کے سلسلے میں نگر پنچایت انتظامیہ کو انتباہ دیا تھا۔ لیکن مقررہ مدت ختم ہونے کے بعدبھی اس سلسلے میں کوئی کارروائی عمل میںنہیں لائی گئی۔
اس کی وجہ سے ناراض یونین کے کارکنان نے نگر پنچایت دفتر کے گیٹ پر تالا ڈال دیا۔ بھارتی کسان یونین کے کارکنان جب نگر پنچایت دفتر پر پہنچے تو مین گیٹ پر تالے کو دیکھ کر وہ مضطرب ہوگئے ۔ اس موقع پر کچھ کارکنان نے لال گنج رائے بریلی سڑک پر جام لگانے کا مشورہ دیا۔ جیسے ہی یہ خبر نگر پنچایت ملازمین کو ملی تو وہ دفتر سے بھاگ گئے۔
جس کے بعد کارکنان نے دفتر کے سامنے دھرنا ومظاہرہ کیا۔ کارکنان نے ایک عرضداشت ضلع مجسٹریٹ کو ارسال کی ہے جس میں شہر میں پانی جمع ہونے کے مسئلے کو فوری طور پر حل کرنے اور ترقیاتی کاموں کی تکنیکی جانچ کرانے کا مطالبہ کیا گیا۔
ایگزیکٹیو افسر ونگر پنچایت صدر کے نمائندے ناگیندر گپتا نے مذکورہ مسائل کو حل کرنے کیلئے تحریری یقینی دہانی کراتے ہوئے کہا کہ آئندہ ۲۴مئی کو بورڈ کے جلسہ میں تمام مسائل پر غور کرتے ہوئے انہیں حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔